66

آڑھتیوں کو درپیش مسائل کا حل اولین ترجیح ہے ‘ رانا ثناء اللہ

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) انجمن آڑھتیاں غلہ منڈی فیصل آباد کے صدر حاجی محمد آصف اسلم نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اﷲ خاں سے ملاقات کی جس کے دوران کاروباری طبقہ کو درپیش مسائل پر بات چیت کی گئی، اس موقع پر حاجی محمد آصف اسلم نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اﷲ خاں کو بتایا کہ کاروباری طبقہ کو درپیش مسائل بڑھ گئے ہیں، بینکوں سے ڈالرز کی عدم وصولی سے تاجروں کو مشکلات کا سامنا ہے، بینک ڈالرز نہیں دے رہے جس کے نتیجہ میں خریداری نہیں ہو رہی اور غلہ منڈی فیصل آباد میں اشیاء کی قلت کے باعث بحران کی صورتحال ہے، اشیاء کی قلت کے باعث قیمتوں میں اضافہ بھی ہو رہا ہے اور اس صورتحال سے لوگوں کے لیے پریشانی پیدا ہو رہی ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اﷲ خاں نے ملاقات کے دوران انجمن آڑھتیاں غلہ منڈی فیصل آباد کے صدر حاجی محمد آصف اسلم کو یقین دہانی کروائی کہ کاروباری طبقات کے مسائل کا حل حکومتی ترجیحات میں شامل ہے اور بینکوں سے ڈالرز جاری ہونا شروع ہو جائیں گے، کاروباری طبقہ کے مسائل کو جلد حل کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور حکومت ان کی توقعات کو پورا کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت ملک وقوم کی تعمیر وترقی کیلئے کوشاں ہے اور حکومتی اقدامات کے ثمرات جلد عوام کو ملنا شروع ہو جائیں گے اور انشاء اﷲ انہیں بھرپور ریلیف ملے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں