41

اتحادی حکومت مدت ختم ہونے سے پہلے مالی پیکج کا اعلان کرے

فیصل آباد (پ ر) پاکستان ریلوے پریم یونین کے چیئرمین ضیاء الدین انصاری،صدر شیخ محمدانور،جنرل سیکرٹری خیرمحمدتونیو،چیف آرگنا ئز ر خالد محمود چوہدری نے مطالبہ کیا ہے کہ موجودہ اتحادی حکومت ،وزیراعظم شہبازشریف،آصف علی زرداری اور خواجہ سعدرفیق اپنی مدت حکومت ختم ہونے سے قبل ریٹائرڈ ریلوے ملازمین اور بیواؤں کی گریجویٹی، تین سال رکے ہوئے ٹی اے بلز کی ادائیگی اور ریلوے کی بحالی کو یقینی بنائے کیلئے معقول مالی پیکیج کا اعلان کرے۔ ٹی ایل اے ،ان ویلڈ ملازمین کو مستقل کرنے اورپانچ فیصد کٹوتی کو ختم کرنے کا اعلان کرے۔پریم یونین کے راہنمائوں نے کہا کہ ایک طرف ہرماہ تنخواہوں کی بروقت ادائیگی نہ ہونے کی وجہ سے لاکھوںریلوے ملازمین اور ان کے خاندان گھریلو اخراجات پورے نہیں کررہے تو دوسری طرف حکمران اپنی حکومت کے خاتمہ کے وقت بھی ارکان اسمبلی کی مراعات میں اضافہ اور ترقیاتی سکیموں کے نام پر فنڈز کا بے دریغ استعما ل کررہے ہیں، غریب سرکاری ملازمین کے چولہے ٹھنڈے پڑ رہے ہیں ،دن رات اپنے وطن کی خدمت پر معمور ملازمین کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔انہوں نے کہاکہ حکمرانوں کی نااہلی اور لاپرواہی سے ریلوے جیسا بہترین رفاعی اورفلاحی ادارہ تباہ برباد ہورہا ہے۔موجودہ اتحادی حکومت کو قائم ہوئے ڈیڑھ سال گزر چکا ہے مگر ریلوے اور اس کے ملازمین کی بہتری کیلئے ایک قدم بھی نہیں اٹھایا گیا۔ملازمین میں پائی جانے والی تشویس کو دور نہ کیا گیا تو حالات خراب ہوسکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں