اتھرے ڈاکوؤں نے مزاحمت پر گھر کے واحد کفیل فیکٹری ورکر کو قتل کر ڈالا

جڑانوالہ (نامہ نگار) ڈاکوئوں نے ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کرکے گھر کے واحد کفیل فیکٹری ورکر کو قتل کر دیا، ورثاء کا ارباب اختیار سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق جڑانوالہ کے نواحی گائوں چک نمبر 92 ر-ب کا رہائشی سلیمان ستارہ کیمیکل میں محنت مزدوری کرتا تھا گزشتہ شب ڈیوٹی کرکے واپس گھر جا رہا تھا کہ تھانہ بلوچنی کی حدود میں ناکہ لگائے ڈاکوئوں نے دوران ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کرکے اسے زخمی کر دیا اور فرار ہو گئے۔ اطلاع پر زخمی ہونیوالے شخص سلیمان کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکا۔ اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ پولیس تھانہ بلوچنی ڈکیتی راہزنی کی وارداتوں کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ مقتول 5بہنوں اور 2چھوٹے بھائیوں کا واحد کفیل تھا، ورثاء نے آئی جی پنجاب، آر پی او فیصل آباد سے انصاف کی اپیل کی ہے پولیس نے لاش کو تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالہ کر دیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں