احتجاج سے نمٹنے کیلئے5سال میں1ارب35کروڑ خرچ

اسلام آباد ( بیو رو چیف )وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 5سال میں احتجاج سے نمٹنے کیلئے سرکار کو ایک ارب 35کروڑ 58لاکھ روپے سے زائد خرچ کرنا پڑے۔قومی اسمبلی کا اجلاس پینل آف چیئرکے ممبر عبدالقادر پٹیل کی سربراہی میں ہوا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تحریری جوابات ایوان میں دئیے اور اسلام آباد میں احتجاج اور مظاہرین سے نمٹنے پر گزشتہ 5سالوں کے اخراجات کی تفصیلات ایوان میں پیش کیں۔وزیر داخلہ نے بتایاکہ سال 2019-20 میں اسلام آباد میں احتجاج سے نمٹنے پر 15کروڑ 77لاکھ روپے سے زائد اور سال 2020-21 میں اسلام آباد میں احتجاج سے نمٹنے پر 9کروڑ 61لاکھ روپے سے زائد خرچ ہوئے۔انہوں نے کہا کہ سال 2021-22 ء میں اسلام آباد میں احتجاجوں سے نمٹنے پر 27کروڑ 79لاکھ 48ہزار روپے اخراجات آئے جبکہ سال 2022-23 میں اسلام آباد میں احتجاج سے نمٹنے پر 72کروڑ 40لاکھ 31ہزار روپے خرچ ہوئے۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھاکہ سال 2023-24 میں اسلام آباد میں احتجاج سے نمٹنے پر 10کروڑ روپے اخراجات آئے۔دستاویز کے مطابق 5سالوں میں اسلام آباد میں احتجاج سے نمٹنے کیلئے سرکار کو ایک ارب 35کروڑ 58لاکھ روپے سے زائد خرچ کرنا پڑے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں