اربن ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت بڑے پیمانے پر ترقیاتی سکیمیں مکمل کرنے کا فیصلہ

لاہور(بیوروچیف) پنجاب حکومت نے صوبے کے 52شہروں میں اربن ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت بڑے پیمانے پر ترقیاتی سکیمیں مکمل کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔ سوہنا پنجاب پروگرام کے تحت شہروں کے منصوبوں کی باقاعدہ منظوری دیدی گئی ہے۔سرکاری دستاویزات کے مطابق منظور شدہ منصوبوں کی مجموعی مالیت 302ارب روپے ہے جبکہ پروگرام کی کل تخمینہ لاگت 304 ارب روپے مقرر کی گئی ہے۔پروگرام کے تحت پنجاب بھر میں5397کلومیٹر نئی سیوریج لائن بچھائی جائیگی جبکہ 181کلومیٹر اسٹارم واٹر ڈرینز تعمیر کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کی استعداد 323ایم جی ڈی تک بڑھانے کا منصوبہ بھی شامل ہے۔مزید برآں 33ہزار سے زائد مین ہول کورز نصب کیے جائیں گے اور صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے 308جدید سکشن جیٹنگ مشینیں فراہم کی جائیں گی۔سوہنا پنجاب پروگرام میں 67واٹر سپلائی اسکیمیں شامل کی گئی ہیں تاکہ شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔پروگرام کے تحت 6100کلومیٹر سڑکیں اور اسٹریٹ پیومنٹس تعمیر کیے جائیں گے۔ منصوبے میں پارکس، اسٹریٹ لائٹس اور دیگر شہری سہولیات کی بہتری بھی شامل ہے۔اس حوالے سے 11 شہرو ں میں ٹینڈرز جاری کر دئیے گئے ہیں اور ترقیاتی کاموں کا آغاز ہو چکا ہے، جبکہ 17 شہروں میں مالیاتی جائزہ مکمل کر کے کنٹریکٹرز کو متحرک کر دیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں