ارکان پارلیمنٹ کی گوشوارے جمع کرانے میں عدم دلچسپی

اسلام آباد(بیوروچیف) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مالی گوشواروں کی تفصیلات نہ جمع کرانے والے اراکین کی فہرست جاری کر دی۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے انتباہ کیا گیا ہے کہ اراکین پارلیمنٹ نے 15جنوری تک تفصیلات نہ جمع کرائیں تو ممبرشپ معطل ہوگی۔فہرست کے مطابق چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، سابق نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کے گوشوارے تاحال جمع نہیں ہوئے، 23سینیٹرز نے بھی تاحال گوشواروں کی تفصیلات جمع نہیں کروائیں۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کی فہرست کے مطابق وفاقی وزیراطلاعات عطا تارڑ، خورشید شاہ، طارق بشیر چیمہ سمیت 116اراکین قومی اسمبلی نے اثاثوں کی تفصیلات جمع نہیں کرائیں۔مولانا فضل الرحمان، محمود خان اچکزئی، مولانا عبدالغفور حیدری نے بھی گوشوارے جمع نہیں کروائے، فاروق ستار، نبیل گبول بھی گوشوارے جمع نہ کروانے والوں میں شامل ہیں۔الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب اسمبلی کے 208، سندھ اسمبلی کے 55 ارکان نے گوشوارے جمع نہیں کروائے، خیبر پختونخوا اسمبلی کے 91، بلوچستان اسمبلی کے 25 ارکان نے گوشوارے جمع نہیں کروائے۔سینیٹ اراکین میں سے رانا محمود الحسن، فاروق نائیک گوشوارے جمع نہ کروانے والوں میں شامل ہیں، حامد خان، سیف اللہ نیازی، ایمل ولی خان نے بھی گوشوارے جمع نہیں کروائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں