اسحاق ڈار3روزہ دورے پر چین پہنچ گئے

اسلام آباد(بیوروچیف) بھارت کو میدان میں ناکوں چنے چبوا کر پاکستان سفارتی محاذ پر بھی سرگرم ہو گیا، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار تین روزہ دورے پر چین پہنچ گئے ۔وزیر خارجہ چینی ہم منصب سے جنوبی ایشیا کی صورتحال اور اثرات پر بات کریں گے، دونوں رہنما پاکستان اور چین کے دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوں کا جائزہ لیں گے، دونوں رہنما باہمی دلچسپی کے علاقائی و عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار کا دورہ پاکستان اور چین کے درمیان جاری اعلی سطح روابط کا تسلسل ہے، وزیر اعظم کا قائم کردہ سفارتی وفد بھی مختلف ممالک کا دورہ کرے گا، بلاول بھٹو زرداری وفد کی قیادت کریں گے، وفد مختلف ممالک میں اعلی عہدیداروں سے ملاقات کرے گا، وفد بھارتی جھوٹے بیانیہ کو بے نقاب کرے گا۔علاوہ ازیں چین روانگی سے قبل اسحاق ڈار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ چینی وزیر خارجہ کی دعوت پر اپنے ساتھیوں کے ہمراہ چین جارہا ہوں، جب دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ بیٹھتے ہیں تو تمام معاملات کو دیکھا جاتا ہے، پچھلے 3ہفتے میں دوبار چینی وزیر خارجہ سے بات ہوئی۔انہوں نے کہا ہے کہ چین اور پوری دنیا کو سب معلوم ہے، دنیا کو معلوم ہے تمام بھارتی الزامات غلط تھے، دنیا کو پتہ ہے ہم پر بھارت کی جانب سے بے بنیاد الزامات لگائے گئے، بھارت کا بلیم گیم بے نقاب ہوچکا ہے۔وزیر خارجہ نے مزید کہا ہے کہ گزشتہ 3ہفتے میں دنیا کی تمام ڈپلومیٹک کمیونٹی، 60ممالک سے رابطے ہوئے جس میں سیاسی، علاقائی، گلوبل، سفارتی اور حالیہ تمام معاملات پر گفتگو ہوئی، چین ہمارا بہت قریبی دوست ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں