اسرائیلی آرمی چیف مستعفی

تل ابیب(مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیلی فوج کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ہرزی ہلیوی نے حماس کے 7اکتوبر 2023کے حملے روکنے میں ناکامی پر اپنے عہدے سے استعفی دینے کا اعلان کردیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ہرزی ہلیوی نے اسرائیلی وزیراعظم اور وزیر دفاع کو خط لکھا جس میں انہوں نے کہا کہ 7اکتوبر 2023کو حماس کے حملوں کو روکنے میں ناکامی کے باعث میں 6 مارچ 2025کو اپنی مدت ختم کرنا چاہتا ہوں۔لیفٹیننٹ جنرل ہرزی ہلیوی نے لکھا کہ 7اکتوبر کی صبح میری کمانڈ میں اسرائیلی ڈیفنس فورسز اسرائیل کے شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام رہیں اور پھر اسرائیل نے بھاری اور دردناک قیمت چکائی۔اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزیر دفاع نے ہلیوی کو 30جنوری تک حماس کے حملوں کو روکنے میں ناکامی کی تحقیقات مکمل کرنے کی مہلت دی تھی ۔دوسری جانب عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی آرمی چیف کی مدت ملازمت مارچ میں ہی ختم ہو رہی ہے۔یادرہے کہ حما س کے اسرائیل پر حملوں کے نتیجے میں ایک ہزار سے زائد اسرائیلی ہلاک ہوئے اور سیکڑوں اسرائیلی شہریوں اور فوجیوں کو یرغمال بنا کر غزہ لایا گیا تھا۔حماس کے 7اکتوبر کے حملوں کو جواز بنا کر اسرائیل نے اگلے دن ہی غزہ کے شہریوں پر وحشیانہ فضائی بمباری کا آغاز کیا اور ساتھ ہی کچھ دن بعد زمینی کارروائی بھی شروع کردی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں