اسلام آباد (بیوروچیف) پاکستان، سعودی عرب، ترکیے، متحدہ عرب امارات اور اردن سمیت 14مسلم ملکوں نے اسرائیل میں تعینات امریکی سفیرکا بیان مسترد کر دیا۔مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ، اسلامی تعاون تنظیم، عرب لیگ اورخلیج تعاون تنظیم کے مشترکا مذمتی بیان میں کہاگیاکہ امریکی سفیرکابیان غیر ذمہ دارانہ اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔مشترکہ بیان میں کہا گیامشترکہ بیان میں مغربی کنارے سمیت عرب علاقوں پراسرائیلی تسلط قابل قبول قرار دینے پر شدید تحفظات کا اظہارکیاگیا، ایسے خطرناک اور اشتعال انگیز بیانات عالمی قوانین اور یواین چارٹر کے منافی ہیں، ایسے بیانات سے علاقائی سلامتی اور استحکام کو شدید خطرات لاحق ہوں گے، ایسے بیانات امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ویژن اورغزہ امن منصوبے کے منافی ہیں۔ مشترکہ بیان میں کہا گیاکہ مقبوضہ فلسطینی اور عرب علاقوں پراسرائیل کوئی خود مختاری نہیں رکھتا، مغربی کنارے پر قبضے یا اسے غزہ پٹی سے الگ کرنیکی سخت مخالفت کی جائیگی۔واضح رہے اسرائیل میں تعینات امریکی سفیر مائیک ہکابی نے کہا تھا کہ اسرائیل کو پورے مشرقِ وسطی پر قبضے کا حق حاصل ہے،اگر اسرائیل دریائے نیل سے نہر فرات تک کے علاقوں پر کنٹرول حاصل کر لے تو یہ ٹھیک ہوگا۔




