16

اسرائیلی حملے سے آتشزدگی ، 75فلسطینی زندہ جل گئے

غزہ(مانیٹرنگ ڈیسک)رفح میں اسرائیلی فوج نے پناہ گزین کیمپ پر بڑا حملہ کیا جس کے نتیجے میں 75سے زائد فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔اسرائیلی بمباری سے رفح کے پناہ گزین کیمپ میں آگ لگ گئی جس میں بڑی تعداد میں شہادتیں آگ میں جھلسنے کی وجہ سے ہوئیں، شہدا میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے، پناہ گزین کیمپ میں شمالی غزہ سے بے دخل فلسطینیوں کی بڑی تعداد میں مقیم ہے۔رپورٹس کے مطابق آگ میں جھلسنے کے باعث کئی افراد کی حالت نازک ہے، شہدا کی تعداد بڑھنے کا خدشہ ہے۔ رپورٹس کے مطابق اسرائیل نے غزہ میں یو این کیمپوں پر دسواں حملہ کیا ہے، 24 گھنٹوں میں 230 سے زائد فلسطینیوں کا قتل عام کیا گیا، اس سے قبل اسرائیل نے جبالیہ، نصیرت اور غزہ سٹی میں کیمپوں پر حملوں میں 160 فلسطینیوں کا قتل کیا۔فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ رفح میں کیمپ پر 900 کلو سے زائد وزنی بموں کا استعمال کیا گیا۔ مصری حکام سے زخمیوں کو نکالنے کیلیے ایمبولینسز بھیجنے کی اپیل کی گئی ہے۔اسرائیل کا دعوی ہے کہ اسرائیلی طیاروں نے رات رفح میں حماس کے ایک کمپاونڈ پر حملہ کیا، حملے کے مقام پر حماس کے اہم ارکان ٹھہرے ہوئے تھے تاہم حملے سے دو روز پہلے ہی عالمی عدالت نے اسرائیل کو رفح میں فوجی کارروائی سے روکا تھا۔واضح رہے کہ غزہ میں اسرائیلی حملوں میں اب تک 36 ہزار فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں