52

اسرائیل اور حماس غزہ میں 5روزہ جنگ بندی پر رضا مند

واشنگٹن/ غزہ (مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی اخبار نے دعوی کیا ہے کہ اسرائیل اور حماس غزہ میں پانچ روز کے لیے جنگ بندی پر رضا مند ہو گئے ہیں۔امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ میں دعوی کیا گیا ہے کہ اسرائیل اور حماس امریکی حمایت یافتہ جنگ بندی کی ڈیل پر رضا مند ہوگئے ہیں۔واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فریقین نے یرغمالیوں کی رہائی کے بدلے غزہ میں لڑائی میں 5 دن کے وقفے پر اتفاق کیا ہے۔امریکی اخبارکے مطابق 24 گھنٹے میں 50 کے قریب یرغمالیوں کی رہائی کا امکان ہے اور فریقین کے درمیان طے پانے والا معاہدہ 6 صفحات پر مشتمل ہے اور معاہدے میں کلیدی کردار قطر نے ادا کیا ہے، علاوہ ازیں غزہ میں اقوام متحدہ کے اسکول پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں مزید200فلسطینی شہید ہوگئے۔اقوام متحدہ کی امدادی ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فوج نے جبالیہ کیمپ میں اقوام متحدہ کے اسکول پر فضائی حملہ کیا۔غزہ کے حکام کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کے اسکول پر اسرائیلی بمباری سے 200 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔عرب میڈیا کے مطابق اسکول میں ہزاروں فلسطینی پناہ لیے ہوئے ہیں۔فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی فورسز نے جبالیہ کیمپ میں رہائشی عمارت پر بھی حملہ کیا، اسرائیلی بمباری سے ایک ہی خاندان کے 32 افراد شہید ہوئے، شہید ہونے والوں میں 19 بچے شامل ہیں۔اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ میں الشفا اسپتال کا گھیرائو اور تلاشی جاری ہے۔ فلسطینی حکام کا کہنا ہیکہ بجلی بند ہونے سے 24 گھنٹے کے دوران اسپتال میں 24 مریض انتقال کرگئے، الشفا اسپتال میں 11 نومبر سے اب تک بجلی بند ہونے کے باعث قبل ازوقت پیدائش والے 4 بچوں سمیت 40 مریض انتقال کرچکے ہیں۔اسرائیلی بمباری اور حملوں کے دوران شہدا کی مجموعی تعداد 12 ہزار سے زائد ہو چکی ہے، جن میں 5 ہزار بچے شامل ہیں، 30 ہزار سے زائد زخمی ہیں اور 18 سو بچوں سمیت تقریبا 4 ہزار فلسطینی لاپتہ ہیں، کئی کے ملبے تلے دبے ہونیکا خدشہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں