غزہ (مانیٹرنگ ڈیسک)سفارتکاری تماشا بن گئی، شہریوں پر حملے سے اسرائیل باز نہ آیا، غزہ پر طیاروں کی بمباری سے مزید250فلسطینی شہید ہوگئے۔خبر رساں اداروں کے مطابق اسرائیلی فوج نے النصر اسٹریٹ پر بیکری کے سامنے جمع افراد پر بم گرایا۔امدادی کارروائیوں کے لیے جمع افراد اور ایمبولینسوں پر بھی میزائلوں سے حملہ کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں اموات ہوئیں۔وسطی غزہ میں اسرائیلی طیاروں کی بمباری سے ایک ہی خاندان کے 8 افراد شہید ہوگئے، جبالیہ پناہ گزیں کیمپ کے الفلوجہ علاقے میں گھروں پر درجنوں میزائلوں سے حملے کئے گئے۔رپورٹس کے مطابق غزہ میں شہدا کی مجموعی تعداد 8 ہزار 900 سے زائد ہوگئی، اسی طرح تباہ ہونے والے مکانات کی تعداد پونے دو لاکھ تک جا پہنچی ہے۔علاوہ ازیں القدس اسپتال کے علاقے میں بھی بمباری کی گئی جس سے فلسطین میں کینسر کے واحد ترک اسپتال کو کام بند کرنا پڑ گیا۔ اسپتال بند ہونے سے 70 مریضوں کی موت واقع ہونے کا خدشہ ہے، غزہ کے دیگر 35 اسپتالوں میں سے بھی 16 نے کام بند کردیا۔
31