اسلام آباد نیشنل پریس کلب میں پولیس گردی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) اسلام آباد نیشنل پریس کلب میں پولیس گردی اور صحافیوں پر بہیما نہ تشدد کے خلاف فیصل آباد پریس کلب کے ممبران نے فیصل آباد پریس کلب کے سامنے بھر پور احتجاجی مظاہرہ کیا۔احتجاج کی قیادت قائم مقام صدر جی اے تنویر، سیکرٹری عزادار حسین عابدی، نائب صدر ظفران سرور نے کی، جبکہ سینئر صحافی مقبول احمد لودھی، زاہد حسین مان اور دیگر اراکین بھی بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔ احتجا جی مظا ہر ے سے خطاب کرتے ہوئے فیصل آباد پریس کلب کے قائم مقام صدر جی اے تنویر نے کہا کہ اسلام آباد میں صحافیوں پر ہونے والا تشدد دراصل آزادی صحافت اور جمہوریت پر حملہ ہے۔ صحافی قوم کی آنکھ اور ضمیر ہیں، انہیں دبانے کی ہر کوشش ناکام ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہم ریاست کے چوتھے ستون پر حملہ برداشت نہیں کریں گے، اور اگر ایسے واقعات دوبارہ ہوئے تو ملک بھر کے صحافی ایک آواز ہو کر سڑکوں پر ہوں گے۔سیکرٹری عزادار حسین عابدی نے کہا کہ قلم اور سچ کی طاقت سے خوف زدہ عناصر یہ بھول جائیں کہ ظلم سے آوازیں دبائی جا سکتی ہیں۔ ہم آزادی اظہار کی حفاظت کے لیے ہر محاذ پر ڈٹے رہیں گے۔نائب صدر ظفران سرور، سینئر صحافی مقبول احمد لودھی جاوید صدیقی ، زاہد حسین مان،میاں سعید نے بھی اپنے خطابات میں کہا کہ صحافی برادری ایک جسم کی مانند ہے، ایک پر حملہ سب پر حملہ تصور کیا جائے گا۔مقررین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اسلام آباد میں پیش آنے والے واقعے کی فوری تحقیقات کی جائیں اور ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔احتجاج میں سیکرٹری ایف یو جے ورکرز شوکت وٹو، میاں منور اقبال ،سینئر علی اشفاق ہاشمی ،شیخ طیب مقبول ،ایگز یکٹو ممبر ان ارشد انصاری ،محمد نعیم شاکر ،ڈاکٹر سعید طاہر ،رانا ادریس ،افشاں بتول ،نادر حسین مان اور جاوید مہیس ،رانا عتیق،محمد کاشف، گل زمان حکیم ودیگر ممبران نے بھرپور شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں