اسلحہ لائسنس کی آن لائن تصدیق،کیو آر کوڈ جاری کرنیکا حکم

لاہور (بیوروچیف) محکمہ داخلہ نے اسلحہ لائسنس کی ویری فکیشن کے حوالے سے نیا اقدام اٹھاتے ہوئے نادرا کو تمام اسلحہ لائسنسز کی آن لائن ویری فکیشن کے لیے کیو آر کوڈ جاری کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔کیو آر کوڈ کی مدد سے قانون نافذ کرنے والے ادارے ہر اسلحہ لائسنس کی تصدیق کر سکیں گے جس سے اسلحہ لائسنس کی درستگی اور اس کے استعمال میں شفافیت آئے گی۔اس سلسلے میں سیکرٹری داخلہ کی زیرصدارت اہم اجلاس بھی منعقد ہوا جس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ نادرا تمام اسلحہ لائسنسز کو متعلقہ شخص کے شناختی کارڈ سے لنک کرے۔سیکرٹری داخلہ نے نادرا کو اسلحہ لائسنسز پر کیو آر کوڈ لگانے کے لیے ایک ہفتے کا وقت دے دیا ہے اور پنجاب کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو بھی اسلحہ لائسنس سے متعلقہ تمام آرڈرز پر کیو آر کوڈ دینے کی ہدایت کی ہے۔سیکرٹری داخلہ پنجاب کا اس موقع پر کہنا تھا کہ سنگین جرائم میں ملوث افراد اسلحہ لائسنس کے لیے نااہل ہیں اور آرمز رولز میں ترامیم کر کے شہریوں کے لیے سہولت پیدا کی جا رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں