افغانستان میں زلزلے سے تباہی،20افراد ہلاک،سینکڑوں زخمی

کابل (مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان کے ہندوکش خطے میں شدید زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔خبر ایجنسی کے مطابق زلزلے کے جھٹکے افغانستان کے شہر مزار شریف سمیت دیگر شہروں میں بھی محسوس کیے گئے زلزلے کے باعث مکانات کو بھی شدید نقصانپہنچا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مختلف حادثات میں اب تک20 افراد کی ہلاکت اور320افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔مزار شریف میں زلزلے کے وقت شہری خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق لوگ آدھی رات میں گھروں سے نکل کر کھلے مقامات کی طرف دوڑنے لگے کیونکہ انہیں خدشہ تھا کہ ان کے مکانات گر سکتے ہیں۔امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 6.3 اور گہرائی 28کلو میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ زلزلے کا مرکز صوبہ سمنگان کے ضلع خلم سے تقریبا 22 کلو میٹر جنوب مغرب میں تھا۔رپورٹس کے مطابق زلزلے کے جھٹکے ترکمانستان، تاجکستان، ازبکستان اور ایران میں بھی محسوس کیے گئے۔واضح رہے کہ رواں سال 31 اگست کو افغانستان میں 6.0 شدت کے زلزلے میں 2 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ 2023 میں 6.3 شدت کے زلزلے اور آفٹر شاکس کے نتیجے میں کم از کم 4 ہزار اموات ہوئی تھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں