5

افغانستان میں غذائی بحران،لاکھوں افراد فاقہ کشی پر مجبو ر

کابل (مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان میں طالبان رجیم کے تحت معاشی اور انسانی بحران مزید سنگین صورت اختیار کر گیا ہے، جہاں لاکھوں افراد شدید بھوک اور فاقہ کشی کا سامنا کر رہے ہیں۔افغان میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک میں بڑھتی ہوئی غربت، بے روزگاری اور عالمی امداد کی معطلی نے غذائی بحران کو خطرناک حد تک بڑھا دیا ہے۔افغان جریدے ہشت صبح کے مطابق طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد افغانستان میں غذائی قلت ایک بڑے انسانی المیے میں تبدیل ہو چکی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ لاکھوں افغان شہری روزانہ کی بنیاد پر خوراک کی شدید کمی اور بنیادی ضروریات کی عدم دستیابی کا سامنا کر رہے ہیں۔ورلڈ فوڈ پروگرام (WFP) کے تخمینوں کے مطابق افغانستان میں تقریبا ایک کروڑ 70لاکھ افراد شدید غذائی قلت کا شکار ہیں، جبکہ رواں سال مزید 20لاکھ بچوں کو غذائی قلت کے خطرے کا سامنا ہو سکتا ہے۔ ادارے نے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو صورتحال مزید بگڑ سکتی ہے۔رپورٹ کے مطابق مختلف ممالک سے افغان مہاجرین کی واپسی نے بھی غربت اور غذائی بحران میں اضافہ کیا ہے، کیونکہ محدود وسائل پر دبا بڑھ گیا ہے۔ ہشت صبح کا کہنا ہے کہ طالبان رجیم کی پالیسیوں کے باعث عالمی امداد میں کمی آئی، جس کے نتیجے میں مزید 30لاکھ افراد شدید بھوک کے دہانے پر پہنچ گئے ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ طالبان کی سخت اور جابرانہ پالیسیوں نے افغانستان کی معیشت کو کمزور کر دیا ہے، جس سے بیروزگاری میں اضافہ اور عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ مبصرین کے مطابق اگر فوری طور پر عوامی فلاح و بہبود کو ترجیح نہ دی گئی تو افغانستان میں انسانی بحران مزید گہرا ہو سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں