الائیڈ ہسپتال کے برن یونٹ میں آگ بھڑک اٹھی،مریضوں اور لواحقین نے دوڑ کر جانیں بچائیں

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) الائیڈ ہسپتال کے برن یونٹ کی تیسری منزل پر استری کی سپارکنگ کی وجہ سے آگ لگ گئی’ وارڈ میں داخل مریضوں اور لواحقین کی دوڑیں لگ گئی’ ہسپتال انتظامیہ نے فوری ایکشن لیتے ہوئے مریضوں کو سرجیکل اور میڈیکل ایمرجنسی وارڈ میں منتقل کر دیا گیا’ ریسکیو1122 کی ٹیموں نے بروقت موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پا لیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ شب شہر کے سب سے بڑے الائیڈ ہسپتال میں واقع برن یونٹ کی تیسری منزل پر استری جلا رکھی ہے، سپارکنگ کی وجہ سے قریب پڑے ہوئے کپڑے اور دیگر سامان کو آگ لگ گئی، جس نے وہاں پر پڑے ہوئے فرنیچر کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ وارڈ میں دھواں بھرنے سے مریضوں اور ان کے لواحقین کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا اور مریضوں کے لواحقین کے شور شرابے پر انتظامیہ حرکت میں آئی اور مریضوں کو برن یونٹ سے نکال کر میڈیکل ایمرجنسی اور سرجیکل ایمرجنسی وارڈ میں بھجوا دیا اور ریسکیو1122 کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا۔ تاہم وہاں پر پڑا ہوا بھاری مالیت کا سامان بھی جل گیا۔ یاد رہے کہ قبل ازیں بھی الائیڈ ہسپتال کے بچہ وارڈ میں شارٹ سرکٹ کے باعث ہی سیلنگ کو آگ لگ گئی تھی۔ ذرائع کے مطابق ہسپتال کی ریویمپنگ کے دوران مبینہ طور پر غیر معیاری میٹریل استعمال ہونے سے آگ لگنے اور سیلنگ گرنے کے واقعات رونما ہوئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں