المناک حادثات میں خاتون سمیت3افراد جاں بحق،مبینہ مقابلہ میں منشیات فروش ‘ڈولفن کے تشدد سے شہری ہلاک

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) تیز رفتار موٹر سائیکلیں ٹکرانے سے خاتون جاں بحق، 3افراد زخمی، سی سی ڈی کیساتھ مبینہ مقابلہ میں ریکارڈ یافتہ منشیات فروش ہلاک، ڈولفن فورس کے مبینہ تشدد سے شہری جاں بحق،کھیتوں میں پانی لگاتے مخالفین کی فائرنگ سے مخالف لہولہان، چالاک ملزمان کا 7شہریوں کیساتھ ایک کروڑ کا فراڈ،پولیس مصروف تفتیش ہے۔ تفصیل کے مطابق جڑانوالہ کے علاقہ جھوک موڑ کے قریب صدی احمد اپنی عزیزہ 60سالہ ستاں بی بی کے ہمراہ جا رہا تھا کہ مخالف سمت سے آنیوالے موٹر سائیکل سوار46سالہ طارق اور38سالہ عمران تیز رفتاری کے باعث آپس میں ٹکرا کر بری طرح زخمی ہو گئے، حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچی تو 60سالہ ستاں بی بی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ چکی تھی۔ جس پر نعش پولیس کے حوالے کر کے زخمیوں کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا، بتایا جاتا ہے کہ ڈولفن فورس کی ٹیم نے 211ر ب مجاوراں کے 45سالہ یوسف ولد اللہ یار کو مبینہ طور پر گرفتار کر کے بری طرح تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے باعث اس کی موت واقع ہو گئی،کھرڑیانوالہ پولیس نے متوفی کی نعش کو قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دی،سی سی ڈی مکوآنہ کے انچارج فاروق ناظر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ منشیات فروشوں کی گرفتاری کیلئے جا رہے تھے کہ وہ 225ر۔ب سے226ر۔ب کے قریب سکول کے قریب پہنچے تو تین مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا تو موٹر سائیکل سواروں نے پولیس پارٹی پر سیدھی فائرنگ کر دی ، سی سی ڈی نے جوابی فائرنگ بھی کی۔ مقابلہ کی اطلاع ملتے ہی تھانہ صدر کا ایس ایچ او پولیس کی نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گیا تاہم فائرنگ کا تبادلہ ہونے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو ایک نوجوان زخمی حالت میں پڑا تھا جس کی شناخت کامران ولد مشتاق کے نام سے ہوئی جو کہ بدنام منشیات فروش اور پولیس کو مطلوب تھا، اس کے قبضہ سے بھاری مقدار میں منشیات بھی برآمد ہوئی، جبکہ اس کے دو ساتھی رات کی تاریکی میں موقع سے فرار ہو گئے، مضروب کو ہسپتال پہنچایا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، پولیس نے نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دی جبکہ 76ج ب کا 30سالہ اسد ولد عبدالرشید کھیتوں کو پانی لگا رہا تھا کہ مخالفین نے عداوت کی بنا پر گولیاں مار کر بری طرح زخمی کر کے فرار ہو گئے مضروب کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال پہنچا دیا گیا علاوہ ازیں بٹالہ کالونی کے رہائشی محسن علی کو اس کے واقف کار ملزم اویس نے کاروبار کا جھانسہ دیکر 50لاکھ روپے ہتھیا لیے، بلال نگر کی نزیہ شفیق سے ملزم نے18لاکھ30ہزار روپے، سمن آباد مدنی چوک کے فیصل سے ملزم خالد نے 16لاکھ 80ہزار روپے اور جھنگ روڈ کی آصفہ سے ملزم عمران نے8لاکھ لیکر بدلے میں چیک دیئے جو کہ بوگس نکلے پولیس مصروف تفتیش ہے۔دریں اثنائ۔فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) ستیانہ سے تاندلیانوالہ روڈ پر بسم اللہ چوک کے قریب کماد سے لوڈ دو ٹریکٹر ٹرالیاں ٹکرانے سے گنوں تلے دب کو دو افراد جاں بحق ،دو بری طرح زخمی ہو گئے، ریسکیو1122کی ٹیموں نے نعشیں پولیس کے حوالے کر کے زخمیوں کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ، بتایا جاتا ہے کہ احاطہ تان سنگھ کے رہائشی32سالہ محمد طارق ولد امداد حسین ، 45سالہ محمد عاصم ولد محمد رشید،30سالہ عبدالرشید ولد عبدالمجید اور45سالہ محمد ارشاد ولد عاشق حسین ٹرالی پر گنا لوڈ کر کے تاندلیانوالہ شوگر مل جا رہے تھے کہ جب وہ بسم اللہ چوک کے قریب پہنچے تو تیز رفتار ٹرالی کی ٹکر لگنے سے ٹرالی سے نیچے گرے تو گنوں سے لوڈ ٹرالی بھی ان پر الٹ گئی اور وہ گنوں کے نیچے دب گئے، حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر مذکورہ افراد کو باہر نکالا تو 32سالہ طارق ولد امداد حسین اور45سالہ محمد عالم ولد رشید احمد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ دیگر زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال پہنچا دیا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں