33

الیکشن 2024ء 90سالہ 2سابق وزرائے اعلیٰ کادلچسپ مقابلہ

کراچی (بیوروچیف)دل ہونا چاہی دا جوان ‘ عمراں وچ کی رکھیا، کی مثال الیکشن2024 میں بھی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ نوجوانوں کے ساتھ ساتھ بزرگ سیاستدان بھی کسی سے کم نہیں ہیں’ سندھ کے ضلع خیر پور میں دو ایسے امیدوار بھی ہیں جن کی عمریں90سال سے زیادہ ہیں۔ خیرپور سے دونوں امیدوار سابق وزرائے اعلی سندھ بھی رہ چکے ہیں۔ صوبائی اسمبلی سندھ کے حلقہ 26 پی ایس میں سے پیپلز پارٹی کی ٹکٹ پر سابق وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ اس مرتبہ بھی میدان میں ہیں ۔ریکارڈ کے مطابق ان کی تاریخ پیدائش 13 ستمبر 1928 ہے، اس حساب سے وہ ملکی انتخابات میں حصہ لینے والے معمر ترین امیدوار ہیں جن کی عمر 95 سال بنتی ہے۔دوسرے معمر ترین امیدوار کا تعلق بھی سندھ کے ضلع خیر پور سے ہے ۔ سید غوث علی شاہ جو کہ سندھ کے سابق وزیر اعلی ہیں وہ این اے 202 سے جی ڈی اے کے پلیٹ فارم سے اپنی قسمت آزمانے کے لیے میدان میں ہیں۔ریکارڈ کے مطابق ان کی پیدائش یکم جنوری 1933 کی ہے۔ اس طرح 90 سالہ سید غوث علی شاہ ماضی میں قائم علی شاہ کے مقابلہ میں الیکشن لڑتے رہے ہیں، جہاں انہیں 4 مرتبہ شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔لیکن اس مرتبہ سید غوث علی شاہ قومی اسمبلی کی سیٹ پر میدان میں آگئے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ا نتخابی عمل کے دوران بھی دونوں ایک دوسرے کے ساتھ انتہائی عزت و احترام سے پیش آتے ہیں۔لیکن خیر پور کے عوام اس مرتبہ ان دونوں بزرگ امیدواروں کے ساتھ کس طرح پیش آتے ہیں اس کے لیے 8 فروری کا انتظار کرنا ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں