3

الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کیلئے 57ارب کا پیکج تیار

اسلام آباد (بیوروچیف) حکومت کی جانب سے الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کے لیے ایک جامع اور بڑے مالی پیکج کی تجویز سامنے آ گئی ہے ، جسکے تحت 57ارب روپے کی مراعات دینے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب نے اس حوالے سے تفصیلی تجاویز حکومت کو پیش کر دی ہیں، جن کا مقصد عوام کو سستی، صاف اور جدید سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔ذرائع کے مطابق منصوبے کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ اور کار پر براہِ راست سبسڈی دینے کی تجویز دی گئی ہے۔ برقی بائیکس پر 20سے 30ہزار روپے تک رعایت، جبکہ الیکٹرک رکشوں پر 25ہزار روپے تک سبسڈی دینے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ اسی طرح چھوٹی الیکٹرک کار پر ایک لاکھ روپے اور بڑی برقی گاڑی پر دو لاکھ روپے تک سبسڈی تجویز کی گئی ہے۔بسوں اور دیگر کمرشل الیکٹرک گاڑیوں کے لیے چار سے پانچ لاکھ روپے تک امداد دینے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ پرانی گاڑی کو اسکریپ کر کے اس کے بدلے نئی الیکٹرک گاڑی خریدنے پر خصوصی ریبیٹ دینے کی تجویز شامل ہے، تاکہ پرانی اور آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں کی حوصلہ شکنی کی جا سکے۔انفراسٹرکچر کے حوالے سے شہر بھر میں 1200 لیول ون چارجنگ پوائنٹس لگانے کا ہدف مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ 400بیٹری سویپنگ اسٹیشنز اور 300 فاسٹ چارجنگ اسٹیشنز کے قیام کی بھی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ چارجنگ اسٹیشنز لگانے والوں کو کیپٹل سبسڈی اور ٹیکس میں رعایت دی جائے گی، جبکہ پٹرول پمپس کو چارجنگ اسٹیشنز میں تبدیل کرنے پر پراپرٹی ٹیکس میں خصوصی چھوٹ دینے کی تجویز بھی شامل ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں