امدادکی ترسیل میں شفافیت اور میرٹ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے

ساہیوال(بیوروچیف) ڈپٹی کمشنر شاہد محمود نے مختلف یونین کونسلز کے اچانک دورے کیے اور نگہبان رمضان پیکج کے تحت کم آمدن والے مستحق خاندانوں کو مالی امداد فراہم کرنے کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے مستحق خاندانوں میں بینک پے آرڈر کے ذریعے مبلغ 10 ہزار روپے کی تقسیم کے عمل کو چیک کیا اور عملے کو ہدایات جاری کیں کہ امداد کی ترسیل میں شفافیت اور میرٹ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر رانا اورنگزیب اور ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اکرام خان بلوچ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنرشاہد محمود نے امداد حاصل کرنے والے افراد سے ملاقات کی اور ان سے اس حوالے سے معلومات حاصل کیں کہ انہیں کسی قسم کی پریشانی یا دشواری تو درپیش نہیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کسی بھی اہل مستحق کو اس کے حق سے محروم نہ رکھا جائے اور تمام تر عمل کو آسان اور سہل بنایا جائے تاکہ مستحق افراد رمضان المبارک کے دوران اس مالی مدد سے بھرپور استفادہ کر سکیں۔اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ نگہبان رمضان پیکج حکومت پنجاب کا ایک فلاحی اقدام ہے جس کا مقصد رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں غریب اور کمزور طبقے کو مالی طور پر مستحکم کرنا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں