امریکہ،ایران جنگ خاتمے کے قریب،پاکستان میں توانائی بحران ٹل گیا ،سٹاک مارکیٹ میں مندی کے بعد تیزی

فلوریڈا(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے خلاف جنگ خاتمے کے قریب ہے، وقت سے پہلے ایران کی طاقت کو ختم کر دیا ہے، اب تک 5000 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا جا چکا ہے، نئی ایرانی قیادت کو بھی مار دیں گے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فلوریڈا میں کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا دیکھا جائے تو ایران کے خلاف جنگ جیت چکے ہیں، معلوم نہیں ایران شکست کب تسلیم کرے گا، ابھی مکمل فتح حاصل نہیں کی دشمن کے مزید پیچھے جائیں گے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ہم تعاقب کرکے دشمن کے خطرے کو ہمیشہ کیلئے ختم کریں گے، ایران کی نئی قیادت کو بھی نشانہ بنایا جائے گا، زمینی فوج بھیجنے کا فیصلہ ابھی نہیں کیا، ایران اسرائیل کو ختم کرنا چاہتا تھا، حملے کے سوا ہمارے پاس کوئی چارہ نہیں تھا۔امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران کے پاس ایٹم بم آجاتا تو مشکل صورتحال ہوتی، ایران نے متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب پر حملہ کیا، عرب ممالک نے خود کو نیوٹرل رکھا، ایران کے پاس ایسے میزائل تھے جن سے وہ ہم پر حملہ کرتے، ایران کے ڈرون حملوں میں 83 فیصد کمی آئی ہے، ایران پر اپنی ابتدائی ٹائم لائن سے بہت آگے چل رہے ہیں، اگر ہم حملہ نہ کرتے تو ایران ہم پر حملہ کر دیتا۔صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران اسرائیل اور مشرق وسطی کے ممالک پر حملہ کر دیتا، مجھے 100 فیصد یقین تھا کہ ایران ایک ہفتے میں حملہ کر دیتا، ایران کی ڈرون مینو فیکچرنگ کو نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے، ایرانی ڈرونز کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمارے پاس سستے انٹر سپٹرز ہیں۔انہوں نے کہا کہ بی ٹو بمبار طیارے استعمال نہ کرتے تو ایران ہمارے پیچھے آتا، ہم نے ایران کی لیڈر شپ کو نشانہ بنا کر ختم کر دیا، ڈرون اور بحری جہاز تباہ کر دیئے، ڈرونز بنانے کی صلاحیت ختم کریں گے، ایرانی بحری جہاز اب سمندر کی تہہ میں ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ایران جنگ بہت جلد ختم ہوجائے گی، تیل کی قیمتیں کم کرنے کیلئے کچھ پابندیاں ختم کر رہے ہیں، ایران آبنائے ہرمز کو بند کرنے کا کھیل کھیلے گا تو اسے تباہ کردیں گے، ایران میں ایسی تباہی کریں گے کہ وہ کبھی ریکور نہیں ہوسکے گا۔ڈونلڈ ٹرمپ کا مزید کہا کہ ایران کے پاس اب بچا کیلئے کچھ نہیں، سب نے کہا یہ جنگ لازمی جیتیں، ہم نے بہت کچھ حاصل کر لیا، امریکا کسی کی دھمکی سے نہیں ڈرتا، ایران کراس بارڈر دہشت گردی میں سب سے اول ہے، حماس اور حزب اللہ اس کی مثالیں ہیں۔ دوسری جانب ایرانی پاسداران انقلاب نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ کے خاتمے کا تعین ہم کریں گے۔جاری بیان میں کہا گیا کہ ایران کے بارے میں ٹرمپ کی باتیں بے معنی ہیں، خطے میں سلامتی یا تو سب کیلئے ہوگی یا کسی کیلئے بھی نہیں ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ امریکا اور اسرائیل کے حملے جاری رہے تو خطے سے ایک لیٹر تیل بھی برآمد ہونے نہیں دیں گے۔ترجمان ایرانی پاسداران انقلاب نے کہا کہ جو ملک اسرائیلی و امریکی سفیروں کو نکالے گا وہ آبنائے ہرمز کو استعمال کرسکتا ہے، ان ممالک کو آج سے آبنائے ہرمز سے گزرنے کی مکمل آزادی ہوگی۔اس سے قبل امریکی نشریاتی ادارے سے بات چیت کرتے ہوئے امریکی صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ ان کے خیال میں ایران کے خلاف جنگ بڑی حد تک مکمل ہوگئی ہے، ایران کے پاس میزائل اب صرف اِکا دکا رہ گئے ہیں۔دریں اثنائ۔کراچی(بیوروچیف) مشرق وسطیٰ میں امریکہ ایران جنگ کے باعث پاکستان میں پیٹرول بحران کا خدشہ ختم ہوگیا۔پورٹ قاسم پر پیٹرول سے بھرے جہازوں کی آمد شروع ہوگئی، پورٹ قاسم پر گیس آئل بردار جہاز ایم ٹی ٹورم دامینی فوٹکو ٹرمینل پر لنگر انداز ہوگیا۔ ایم ٹی ناوے ایٹروپوس 50ہزار میٹرک ٹن پیٹرول کے ساتھ 9مارچ کو پورٹ قاسم پہنچ گیا، ایم ٹی اسپروس 2بھی 55ہزار میٹرک ٹن پیٹرول کے ساتھ 10مارچ رات 8 بج کر 30منٹ پر لنگرانداز ہوگا۔ایم ٹی سی کلپر تقریباً 34ہزار میٹرک ٹن پیٹرول کے ساتھ 11مارچ دوپہر 12بجے پہنچے گا۔ ترجمان پورٹ قاسم کا کہنا ہے کہ فجیرہ سے آنے والا ایک جہاز پورٹ قاسم پہنچ چکا ہے، پیٹرول کی سپلائی کیلئے مزید جہازوں کی آمد متوقع ہے۔دریں اثنائ۔کراچی (بیوروچیف) مندی کے بعد پاکستان سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی’ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں اپر لاک لگادیا گیا، ٹریڈنگ ایک گھنٹے کیلئے روک دی گئی، ہنڈریڈ انڈیکس میں ایک ساتھ 9حدیں بحال ہوئیں، انڈیکس میں 9ہزار 303 پوائنٹس کا اضافہ، انڈیکس 1لاکھ 55ہزار 783 کی سطح پر بند کردیا گیا ۔ پاکستان سمیت دنیا کی مختلف سٹاک مارکیٹس میں بھی مثبت تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے۔ پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا مثبت آغاز ہوا اور 100انڈیکس 9728 پوائنٹس اضافے سے 156209 پر ٹریڈ کرتا دکھائی دیا۔ پاکستان سٹاک ایکسچینج کے ایس سی 30انڈیکس 6.7فیصد بڑھنے پر کاروبار 45 منٹ کے لیے معطل کر دیا گیا، جب کاروبار معطل کیا گیا تو 100انڈیکس 9303پوائنٹس اضافے سے 155783پوائنٹس پر ٹریڈ کر رہا تھا۔ایشیائی مارکیٹس میں بھی کاروبار کے آغاز میں تیزی دیکھنے میں آئی اور ہانگ کانگ اسٹاک ایکسچینج میں 1.2فیصد جبکہ کوریا میں 6.2فیصد تیزی دیکھنے میں آئی۔ جاپانی اسٹاک ایکسچینج میں بھی 3.2فیصد اضافہ ہوا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں