لاہور (بیوروچیف) مبینہ طور پر ایران اور امریکہ کے درمیان امن مذاکرات میں پیش رفت کے بعد خلیجی ممالک کے ساتھ فضائی آپریشن میں تیزی دیکھی جا رہی ہے، جس کے باعث مختلف ایئرپورٹس سے پروازوں کی آمدور فت میں اضافہ ہو گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے خلیجی ممالک کیلئے 12پروازیں روانہ ہوئیں۔اسی طرح کراچی، اسلام آباد کے ایئرپورٹس سے مجموعی طور پر 18پروازیں روانہ کی گئیں۔ملتان ایئرپورٹ سے 6جبکہ پشاور ایئرپورٹ سے 8 پروازیں خلیجی ممالک کیلئے روانہ ہوئیں۔فضائی ذرائع کے مطابق خلیجی روٹس پر سرگرمی میں اضافے کے باعث مختلف بین الاقوامی ایئرلائنز کی پروازوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے، جن میں اتحاد ایئر ،قطر ائیر ،فلائی دبئی ،امارات ائیر ، ائیر عربیہ شامل ہیں۔ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ خطے میں سفارتی پیش رفت اور فضائی پابندیو ں میں نرمی کے امکانات کے باعث پروازوں کے شیڈول میں بہتری اور اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔مزید بتایا گیا ہے کہ آنے والے دنوں میں خلیجی روٹس پر پروازوں کی تعداد میں مزید اضافہ متوقع ہے، جس سے مسافروں کو سہولت ملے گی اور فضائی آمدورفت معمول پر آنے کی امید ہے۔




