29

امریکہ سے آنیوالے مسافر کے گمشدہ9500ڈالر مل گئے

لاہور (آن لائن) امریکہ سے آنے والے مسافر کو ایئرپورٹ پر کھوجانے والے 9500 ڈالر واپس مل گئے۔ترجمان ایوی ایشن کے مطابق انور امان اہل خانہ کے ہمراہ امریکی سے پرواز کیو آر 632کے ذریعے امریکہ سے اسلام آباد پہنچے تھے،لائونج میں بیلٹ سے سامان کے حصول کے دوران مسافر اپنا ہینڈ پائوچ کرسی پر بھول گیا۔ مسافر سامان لے کر صبح 2:30بجے ارائیول لائونج سے باہر چلا گیا،صبح 3بجے مسافر انور ایئرپورٹ واپس آئے اور لائونج میں پائوچ تلاش کیا۔ ہینڈ پائوچ نہ ملنے پر مسافر نے سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھنے کی درخواست کی، اے ایس ایف کے عملے نے سی سی ٹی وی کے ذریعے معاملے کی چھان بین کی ،گمشدگی کے مقام کی سی سی ٹی وی کی کوریج نہ ہونے کی وجہ سے کچھ پتہ نہیں چل سکا۔ ترجمان سی اے اے کے مطابق وزیر اعظم کے مشیر عون چوہدری نے مسافروں کی شکایت سیل میں کال کی،سی اے اے ویجیلنس اسسٹنٹ رب نواز نے سی سی ٹی وی کے ذریعے معاملے کی از سرنو چھان بین کی۔ سول ایوی ایشن ٹیم نے کیمروں کی مدد سے ایک ایک مسافر کو چیک کیا ،ایک فیملی کو اس سلسلے میں مشتبہ قرار دیا گیا اور اس مسافر خاتون اور دیگر اہل خانہ کا ڈیٹا اکٹھا کیا گیا، برطانیہ میں موجود خاتون مسافر کے شوہر سے بھی رابطہ کیا گیا اور اپنے تمام واقعہ کے بارے میں آگاہی دی گئی۔ سی اے اے ٹیم کی کوششوں سے خاتون سے 9500امریکی ڈالر پر مشتمل پائوچ برآمد کرلیا گیا،برآمد شدہ 27لاکھ روپے مالیت کی کرنسی اصل مالک انور امان کے حوالے کر دی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں