31

امین ٹائون میں خونی ڈاکہ ‘ سکیورٹی گارڈ قتل

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) مختلف واقعات کے دوران اتھرے ڈاکوئوں نے مزاحمت پر نورفاطمہ مل کے سکیورٹی گارڈ کو قتل کر دیا، معمولی تلخ کلامی پر تشدد کا نشانہ بننے والا شخص ہسپتال میں دم توڑ گیا، سراجیہ کالونی میں اوباش افراد کا خاتون سے گینگ ریپ برہنہ ویڈیو بھی بنا ڈالی جبکہ دو نوجوانوں سمیت 5 خواتین کو اغواء کر لیا گیا، پولیس مصروف تفتیش ہے۔ تفصیل کے مطابق تھانہ منصورآباد کے علاقہ امین ٹائون جھمرہ روڈ پر واقع نورفاطمہ مل کے گودام میں نامعلوم مسلح ڈاکوئوں کا گروہ داخل ہوا تو وہاں پر موجود 50 سالہ سکیورٹی گارڈ محمد اختر ولد انور علی نے مزاحمت کرتے ہوئے ڈاکوئوں کو لوٹ مار سے روکا تو انہوں نے فائر کھول دیا اور گولیاں لگنے سے اختر بری طرح زخمی ہو کر گر پڑا۔ فائرنگ کی آواز سن کر ورکر باہر نکلے تو اتھرے ڈاکو موقع سے فرار ہو گئے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے قاتل ڈاکوئوں کی تلاش شروع کر دی جبکہ تھانہ سٹی سمندری کے علاقہ کہکشاں کالونی کے رہائشی صغیر حیدر نے بتایا کہ چند روز قبل معمولی تلخ کلامی پرملزمان عاطف’عثمان وغیرہ نے اسکے والد تنویر حسین کو بری طرح تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے سینے پر پسٹل کے بلٹ مارے جس پرمضروب کوتشویشناک حالت میں ہسپتال لایاگیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑگیا پولیس نے مقدمہ درج کرکے قاتلوں کی تلاش شروع کردی۔جبکہ تھانہ جھنگ بازار کے علاقہ سراجیہ کالونی کی رہائشی عائشہ بی بی نے پولیس رپورٹ میں بتایا کہ اوباش نوجوان رانا فیصل وغیرہ زبردستی گھرداخل ہوئے اورگن پوائنٹ پرکمرہ میں لے جاکر چارافراد نے ریپ کیا اور اس دوران اسکی برہنہ ویڈیو بھی بنائی اوردھمکی دی کہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کردینگے اوران کے ساتھی رانا رضوان نے سہولت کاری کی ۔علاوہ ازیں تھانہ فیکٹری ایریا کے علاقہ جھنگ روڈ کے رہائشی سیف اللہ نے بتایا کہ اس کا بیٹا ابوبکر گھر سے کام پرگیا واپس نہ آیا ۔تھانہ ٹھیکری والا کے علاقہ 63ج ب کے رہائشی عارف کا کہنا ہے کہ اسکا 22سالہ بیٹے دانیال عارف بھی ڈیوٹی پرجارہا تھاکہ پٹرول پمپ کے قریب نامعلوم افراد اغواء کر کے لے گئے’ تلاش کے باوجود مغویان کا سراغ نہ مل سکا۔ اسطرح ڈجکوٹ کے علاقہ 535 گ ب کے رہائشی اﷲ دتہ نے بتایا کہ اسکی 14 سالہ بیٹی انعم سودا سلف لینے دکان پر جا رہی تھی کہ ارسلان وغیرہ زبردستی اغواء کر کے لے گئے’ لنڈیانوالہ کے علاقہ 570 گ ب کی رہائشی زہرہ بی بی کی جواں سالہ بیٹی یاسمین کو نامعلوم ملزمان نے اغواء کر لیا۔ سمندری کے علاقہ 463 گ ب کے رہائشی خالد حسین نے پولیس رپورٹ میں بتایا کہ ملزمان لطیف وغیرہ نے گھر داخل ہو کر اسکی جواں سالہ بیٹی 18 سالہ صبیحہ بی بی کو اغواء کر لیا، پولیس نے کارروائی عمل میں لاتے ہوئے الگ الگ مقدمات درج کر کے مغویان کی بازیابی کیلئے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں