40

امین پور بنگلہ میں مبینہ پولیس مقابلہ میں1ڈاکو ہلاک،2زخمی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ ساندل بار کے علاقہ امین پور بنگلہ میں مبینہ پولیس مقابلہ میں گولیاں لگنے سے ایک ڈاکو ہلاک، 2زخمی ہو گئے، مرنے والا ڈاکو اور اُسکے زخمی ساتھی ریکارڈ یافتہ نکلے۔ جبکہ ڈاکوئوں کی فائرنگ سے راہگیر بھی زخمی ہوا، زخمیوں کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال داخل کروا دیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ساندل بار کے علاقہ نڑوالا روڈ پر امین پور بنگلہ کے قریب ڈولفن فورس نے دوران گشت مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو رُکنے کا اشارہ کیا تو موٹرسائیکل سواروں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، جوابی فائرنگ کے دوران گولیاں لگنے سے تینوں موٹرسائیکل سوار بری طرح زخمی ہو کر گر پڑے، ڈاکوئوں کی فائرنگ سے ایک راہگیر ضیاء ولد اکبر علی سکنہ 154 ج ب بھی زخمی ہوا، مقابلہ کی اطلاع ملتے ہی ساندل بار پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی۔ تاہم ڈولفن فورس نے گھیرا ڈال کر زخمی ڈاکوئوں کو اسلحہ سمیت قابو کیا اور ان کی شناخت ثمر عباس ولد ناصر سکنہ بھوآنہ’ فیصل عباس ولد مظہر حسین سکنہ 158 ج ب کے ناموں سے ہوئی جبکہ تیسرے ساتھی کی شناخت ارشد ولد سکندر سکنہ بھوآنہ کے نام سے ہوئی۔ پولیس نے زخمی ڈاکوئوں اور راہگیر کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا۔ جہاں پر ثمر عباس زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گیا، پولیس نے نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دی۔ پولیس کے مطابق مرنے والے ڈاکو ثمر عباس کے خلاف مختلف تھانوں میں 6مقدمات’ جبکہ فیصل عباس کے خلاف تھانہ بھوآنہ اور لنگرانہ میں ڈکیتی کے مقدمات درج ہیں، جو کہ پولیس کو مطلوب تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں