60

انتخابی شیڈول آنے کے بعدمستعفی ہونیوالے نگران وزراء مشکل میں پھنس گئے

لاہور(بیوروچیف)الیکشن کمیشن کی جانب سے عام انتخابات کے شیڈول کا اعلان ہوتے ہی استعفے دینے والے نگراں حکومت کے وفاقی و صوبائی وزرا عام انتخابات 2024 میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔کاغذات نامزدگی ریٹرننگ آفیسرسطح پر ہی مسترد کئے جانیکا امکان،ذرائع، ضمنی انتخاب میں حصہ لے سکتے ہیں، کنور دلشاد , الیکشن کمیشن آف پاکستان کے معتبر ذرائع نے بتایا کہ آئین کے آرٹیکل 224کے تحت نگراں کابینہ کا کوئی بھی وفاقی یا صوبائی وزیر اور ان کے خاندان کا کوئی بھی فرد عام انتخابات میں حصہ نہیں لے سکتا۔ ذرائع نے بتایا کہ نگراں حکومت کے ایسے تمام وزرا جنہوں نے استعفے دیکر عام انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے، نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے تو ان کی درخواست ریٹرننگ آفیسر کی سطح پر ہی مسترد کئے جانے کا امکان ہے۔ سابق سیکرٹری الیکشن کمیشن اور وزیر اعلی پنجاب کے مشیر برائے قانون و پارلیمانی امور کنور محمد دلشاد نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ آئین پاکستان کے آرٹیکل 224 کے تحت نگراں کابینہ کے وزیر اور مشیر عام انتخابات میں حصہ نہیں لے سکتے البتہ وہ اس کے 60دن بعد ہونے والے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے کے اہل ہیں۔ کنور محمد دلشاد نے بتایا کہ نگراں کابینہ کے وزرا اور مشیر آئین کے آرٹیکل 223کے تحت عام انتخابات کے بات جو سیٹیں خالی ہونگی اور جہاں دو حلقوں سے الیکشن لڑنے والے امیدوار ایک سیٹ جیتنے کے بعد دوسری سیٹ خالی کریں گے وہاں ہونیوالے ضمنی انتخابات میں حصہ لے سکتے ہیں۔ کنور دلشاد نے بتایا کہ نگراں کابینہ کے ارکان عام انتخابات کے بعد مارچ میں ہونے والے سینٹ الیکشن میں بھی حصہ لے سکتے ہیں ۔ شوکت ترین کی طرف سے قائم مقام چیئرمین سینٹ کو استعفی پیش کرنے کے حوالے سے ایک سوال پر کنور دلشاد نے بتایا کہ چیئرمین سینٹ دورے پر دبئی میں ہیں ۔ یہ دورہ خواہ نجی ہو یا سرکاری ، ان کی عدم موجودگی میں ڈپٹی چیئرمین سینٹ، قائم مقام چیئرمین ہیں۔ کنور دلشاد نے بتایا کہ شوکت ترین کی طرف سے پیش کیا گیا استعفی اس وقت تک منظور نہیں ہوگا جب تک چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی خود اس کو اپنے دفتر میں پراسس نہیں کرتے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے عام انتخابات کے شیڈول کا اعلان ہوتے ہی متعدد نگران وزرا نے عہدوں سے استعفی دیدیا ہے۔مستعفی ہونیوالے وزرا نے عام انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں