انتظامیہ 8بازاروں کو گیٹ لگا کر بند کرنے سے باز رہے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ضلعی انتظامیہ آٹھ بازاروں کو گیٹ لگا کر بند کرنے سے باز رہے ہیں’ آٹھ بازار کاروباری مرکز ہیں اگر انہیں گیٹ لگا کر بند کرنے کی کوشش کی گئی تاجر طبقہ سخت مذاحمت کرے گا’ ہم اپنی دکانوں کو تالے لگا کر چابیاں ڈپٹی کمشنر کو جمع کروا کر خود شٹرڈائون ہڑتال کریں گے’ ان خیالا ت کا اظہار سپریم انجمن تاجران ( بٹ گروپ) کے احتجاجی اجلاس سے چیئرمین محمد امین بٹ’ صدر چوہدری ارشد’ جنرل سیکرٹری عباس حیدر شیخ’ ذیشان ظفر’ حافظ طاہر جمیل و دیگر مقررین نے کیا’ اجلاس میں آٹھ بازاروں کے صدور’ سیکرٹریز نے شرکت کی’ مقررین نے کہا کہ وہیکل فری کی آڑ میں پہلے ہی ہمارا کاروبار کا ستیاناس ہو چکا ہے’ اب ضلعی انتظامیہ ہمارے بچوںکے منہ سے آخری نوالہ بھی چھین لینا چاہتی ہے’ یہ ظلم اور زیادتی ہے’ جسے ہم کبھی قبول نہیں کریں گے’ انہوں نے موجودہ صوبائی حکومت سے اپیل کی کہ تاجروں کو ضلعی انتظامیہ کے خطرناک ارادوں سے باز رکھے ورنہ آٹھ بازار اجڑ جائیں گے’ انہوں نے کہا کہ آٹھ بازاروں کو ہیلمنٹ فری بنایا جائے کیونکہ بازاروں میں موٹرسائیکل سوار بہت آہستہ بائیک چلاتے ہیں’ ہیلمنٹ کی پابندی بڑی شاہراہوں میں ہونی چاہئے’ انہوں نے کہا کہ انکروچ کی آڑ میں دکانیں سیل کی جا رہی ہیں جو سراسر زیادتی ہے’ اگر کسی دکاندار نے انکروچمنٹ کی ہے تو اس کا سامان ضبط کر لیا جائے مگر دکان سیل نہ کی جائے’ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا گیا کہ ڈسپلے کیلئے جگہ دینے کا آپ نے وعدہ کیا تھا مگر وہ وفا نہ ہو سکا’ اس وعدے کو بھی پورا کیا جائے’ چیئرمین امین بٹ نے آٹھ بازاروں کے صدور و سیکرٹریز سے کہا کہ آپ اپنی اپنی مارکیٹوں’ بازاروں اور گول بازاروں کے دکانداروں سے دو دن میں مشاورت کر لیں اگر وہ ہماری سوچ سے متفق ہیں تو ہم سوموار کو ایک اور مشاورتی اجلاس کریں گے جس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں