وفاقی کابینہ نے وزارت داخلہ کی سفارش پر انتہاپسندی کی روک تھام کیلئے قومی پالیسی 2024ء کی منظوری دے دی، وزارت قانون وانصاف کی سفارش اور سندھ ہائیکورٹ کراچی کے احکامات کی روشنی میں سپیشل کورٹس کی حدود /دائرہ کار میں تبدیلی’ اسلام آباد سینٹرل بزنس ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا قیام ہو گا، بلوچستان ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں سپیشل کورٹس (کسٹمز ٹیکسیشن اینڈ اینٹی سمگلنگ) کوئٹہ اور خضدار کے دائرہ اکر میں تبدیلی کی بھی منظوری دی گئی ہے اس کے علاوہ بھی وفاقی کابینہ نے متعدد اقدامات کی منظوری دی تاہم وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں انتہاپسندی کی روک تھام کیلئے قومی پالیسی 2024ء کی منظوری سب سے اہم ہے کیونکہ پرتشدد انتہاپسندی سے ملکی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے غیر ملکی سرمایہ کاری میں غیر معمولی کمی دیکھی گئی انتہاپسندی افراتفری کے باعث کاروباری سرگرمیوں کو شدید نقصان پہنچا حکومت کیلئے پیدا ہونے والی مشکلات اس کے علاوہ ہیں پرتشدد انتہاپسندی کے باعث ملک میں امن وامان کے قیام کیلئے بھاری اخراجات ہوئے’ فورسز کے اہلکاروں کی شہادتوں کے باعث ملکی فضا سوگواری کی کیفیت میں رہی ملک کی ایک سیاسی جماعت جو صرف دھرنوں’ احتجاج پر ہی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے حکومت کو کسی پل چین نہیں لینے دے رہی جب چاہا احتجاج کا اعلان کر دیا اور لوگوں کو سڑکوں پر لے آئے احتجاج کے باعث یومیہ اربوں روپے کا نقصان ہوتا ہے املاک تباہ کرنے گاڑیاں جلانے اور بے گناہ افراد کو مارنے جیسے اقدامات نے ملک کا امن وامان تباہ کر کے رکھ دیا ہے جس پر قابو پانے کیلئے مؤثر اقدامات کی ایک عرصہ سے ضرورت محسوس کی جا رہی تھی وفاقی کابینہ نے وزارت داخلہ کی سفارش پر انتہاپسندی کی روک تھام کیلئے قومی پالیسی 2024ء کی منظوری دیکر ایک ایسا فیصلہ کیا ہے جس کے نتائج آئندہ وقت میں ظاہر ہوں گے اس حوالے سے ضروری ہے کہ قومی پالیسی 2024ء کے اعلان کے مطابق انتہاپسندوں کے خلاف سخت ترین قوانین بنائے جائیں اور ان پر عملدرآمد کرتے ہوئے انتہاپسندوں ان کے منصوبہ سازوں ان کے سہولت کاروں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ وہ ملک میں انتشار اور پرتشدد انتہاپسندی جیسے واقعات سے تائب ہو جائیں، سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان کا رُخ نہیں کرتے جب پر تشدد انتہاپسندی پر قابو پا لیا جائے گا تو غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہو گا بلاشبہ سعودی عرب یو اے ای اور چائنہ ہمارے ملک میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں مگر ہمارے ملک کو مزید غیر ملکی سرمایہ کی اشد ضرورت ہے تاکہ ہماری معیشت سنبھل سکے اور ملک ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت انتہاپسندی کی روک تھام کیلئے قومی پالیسی2024 پر مؤثر طریقے سے عملدرآمد کرائے تاکہ مطلوبہ نتائج حاصل ہو سکیں۔
8