انجمن آڑھتیاں غلہ منڈی کے الیکشن کیلئے3رکنی کمیٹی تشکیل

فیصل آباد ( سٹاف رپورٹر) انجمن آڑھتیاں غلہ منڈی کے الیکشن کیلئے تین رکنی الیکشن کمیٹی تشکیل دے دی گئی’ غلہ منڈی کے سینئر ترین دکانداروں کی مشاورت سے شمس الدین چھماں کو چیئرمین ‘علی اسلام وینس اور میاں زاہد بشیر کو ممبرالیکشن کمیٹی مقرر کر دیا گیا جنہوں نے غلہ منڈی کے اجلاس عام میں سابق سینئر نائب صدر حاجی سعید سے حلف لے کر الیکشن کی تیاریوں کیلئے کام شروع کر دیا’ اس موقع پر چیئرمین الیکشن کمیٹی شمس الدین چھماں اور ممبران علی اسلام وینس’ میاں زاہد بشیر نے کہا کہ انشاء اللہ انجمن آڑھتیاں غلہ منڈی کا الیکشن 30 اپریل بروز بدھ کو ہوں گے’ جو تاجر رہنما الیکشن میں حصہ لینا چاہتے ہیں وہ اپنی تیاری شروع کر دیں’ عنقریب الیکشن شیڈول کا اعلان کیا جائے گا’ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہو گی کہ ماضی کی طرح اس مرتبہ بھی انجمن آڑھتیاں غلہ منڈی کا الیکشن پرامن اور غیرجانبدار ہو اور اس کی شفافیت پر کسی کو انگلی نہ اٹھانی پڑے’ اجلاس عام کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر حاجی آصف اسلم’ سابق جنرل سیکرٹری رانا ایوب منج’ خواجہ شاہد نے کہا کہ الیکشن لڑنا غلہ منڈی کے ہر ووٹر کا حق ہے’ جو ووٹر بھی الیکشن لڑنے کی خواہش رکھتا ہے وہ تیاری کرے’ ہم بہت جلد اپنے پینل کے امیدواروں کا اعلان کریں گے’ انہوں نے کہا کہ ہماری تیاری مکمل ہے’ انشاء اللہ جیت ہماری ہو گی’ غلہ منڈی کے اکثریت ووٹروں کی ہمیں حمایت حاصل ہے’ انہوں نے غلہ منڈی کی سابق کابینہ کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے دو سالہ دور میں غلہ منڈی کے تاجروں کیلئے کچھ نہیں کیا’ گذشتہ دو سالوں میں غلہ منڈی کے مسائل میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے’ تاجر غیر محفوظ ہو گئے ہیں’ ہمارا ماضی گواہ ہے کہ ہم نے ہمیشہ غلہ منڈی کے تاجروں کے حقوق کی رکھوالی کی ہے اور ان کے مسائل کو حل کیا ہے’ اگر غلہ منڈی کے تاجروں نے اس مرتبہ ہمیں خدمت کا موقع دیا اور ہمیں کامیاب کروایا تو خدمت کا یہ سلسلہ وہیں سے جوڑیں گے جہاں سے ٹوٹا تھا’ انہوں نے کہا کہ ہم غلہ منڈی میں دھونس اور دھاندلی کو پروان نہیں چڑھنے دیں گے اور اگر کسی نے غلہ منڈی کے ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کی تو اس کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا’ اس موقع پرسابق جنرل سیکرٹری محمود احمد رحمانی نے کہا کہ غلہ منڈی کی سابق کابینہ نے ہمیشہ انفرادی فائدے کیلئے کام کیا’ غلہ منڈی کے آئین کے مطابق دوسال کی مدت پوری ہو چکی ہے اور میں نے سابق صدر کی توجہ بار بار نئے الیکشن کی طرف دلائی اور انہیں تحریری طور پر آگاہ کیا کہ ہمارا دو سالہ ٹنور ختم ہو چکا ہے اس لئے اجلاس عام بلائیں اور نئے الیکشن کا اعلان کریں مگر وہ حیلوں بہانوں سے الیکشن کی تاریخ دینے سے گریزاں رہے’ اس لئے آج غلہ منڈی کے سینئر لوگوں کی مشاورت سے الیکشن کی تاریخ کا اعلان کیا گیا ہے ہم اس کی بھرپور حمایت کرتے ہیں اور ہم الیکشن کمیٹی کی تشکیل کا بھی خیرمقدم کرتے ہیں’ ہم امید کرتے ہیں کہ الیکشن کمیٹی کے افراد غلہ منڈی میں پرامن الیکشن کروانے میں کامیاب ہوں گے اور غلہ منڈی کے تاجروں کی امیدوں پر پورا اتریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں