73

انجمن تاجران ستیانہ روڈ نے سپریم انجمن تاجران (امین بٹ گروپ ) کیساتھ الحاق کرلیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) انجمن تاجران ستیانہ روڈ نے سپریم انجمن تاجران (امین بٹ گروپ) کے ساتھ الحاق اور 2 ستمبر کی شٹر ڈائون ہڑتال کی مکمل حمایت کا اعلان کر دیا’ اس بات کا اعلان شفاعت علی رانا نے اپنے ساتھیوں ناصر محمود’میاں افتخار’ ادریس لودھی’رانا خالد محمود’ رانا قدیر’ سجاد چوہدری’ فضل الٰہی’ فیاض بٹ’ غلام حسین صدر ریکس سٹی’ حاجی تفسیر اور انجمن تاجران ستیانہ روڈ اور ملحقہ گلیوں کے دوکانداروں اور سپریم انجمن تاجران (امین بٹ گروپ) کے وفد ہمراہ کیا’ اس سے قبل ستیانہ روڈ پر پہنچنے پر شفاعت علی رانا نے اپنے ساتھیوں سمیت سپریم انجمن تاجران (امین بٹ گروپ) کے چیئرمین محمد امین بٹ’ صدر چوہدری ارشد اور ان کی ٹیم کا پرتپاک استقبال کیا اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں’ شفاعت علی رانا نے کہا کہ آئندہ بھی ہم سپریم انجمن تاجران (امین بٹ گروپ) کے ساتھ مشاورت کے ساتھ مل کر اپنے تمام مسائل کو حل کریں گے’ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بجلی کے بلوںمیں فوری کمی کی جائے’ ایسی عوام دوست پالیسیاں مرتب کی جائیں جن کے ثمرات فوری طور پر عوام تک منتقل ہو سکیں’ مہنگائی کے سمندر میں غوطیں لگاتی قوم کی مشکلات کا حل نکالا جائے تاکہ انہیں بھی سکھ کا سانس میسر آ سکے’ اس موقع پر سپریم انجمن تاجران (امین بٹ گروپ) کے چیئرمین محمد امین بٹ’ صدر چوہدری ارشد نے شفاعت علی رانا اور ستیانہ روڈ کے تاجروں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ہمارا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے’ انہوں نے کہا کہ ہم آپ کے حقوق کی رکھوالی کریں گے’ وقت ثابت کرے گا کہ آپ کا یہ فیصلہ درست تھا’ انہوں نے کہا کہ 2 ستمبر کی ہڑتال ثابت کرے گی کہ عوام کس قدر پریشان ہے’ بجلی کے بلوں نے چھوٹے تاجروں اور سفید پوش طبقے کو جیتے جی مار دیا ہے’ قوم بجلی کے بل ادا نہیں کر سکتے’ ان کی ہمت جواب دے گئی ہے’ خدارا آخری سانسیں لیتی قوم پر رحم کھائیں اور انہیں کوئی خوشخبری سنائیں’ مارکیٹوں میں کاروبار نہ ہونے کے برابر رہ گیا ہے’ بجلی کے بلوں نے عوام کو ڈیفالٹ کردیا ہے عوام پر اتنا معاشی بوجھ نہ ڈالا جائے ‘ نگران حکومت بجلی کے نرخوں میں واضح کمی کرے اور عوام کو فوری ریلیف فراہم کرے ، غریب عوام میں اب بجلی کے بل ادا کرنے کی قطعی سکت نہیں ہے ، عوام اس وقت سخت اشتعال میں ہیں جب تک حکومت ریلیف فراہم نہیں کرے گی عوام کا غم وغصہ کم نہیں ہو گا’ بجلی کے بلوں میں کمی کے ساتھ ساتھ بجلی کے بلوں پر لگائے جانے والے بے جا ٹیکسز کا بھی خاتمہ کیا جائے’ انہوں نے حکومت کو خبردار کیا کہ اگر بجلی کے بلوں کمی نہ کی گئی اور مہنگائی پر قابو نہ پایا گیا تو ہم ملک گیر سخت ترین احتجاج کریں گے اور شٹر ڈائون ہڑتال کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں