انسانیت کی خدمت ہی عبادت ہے

سرگودہا (بیوروچیف) کمشنر سرگودہا ڈویژن شوکت علی نے ڈی ایچ کیو ہسپتال جوہرآباد ( خوشاب) کا دورہ کیا۔ انہوں نے ایمرجنسی وارڈ، گائنی وارڈ، ٹراما سنٹر، ہیپاٹائٹس روم، ڈینٹل روم، بلڈ بینک، لیبارٹریز اور دیگر شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا۔کمشنر سرگودہا نے مریضوں سے ملاقات کے دوران علاج، چیک اپ، مفت ادویات کی فراہمی اور دستیاب طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ہسپتال میں قائم پیڈز وارڈز کا باقاعدہ افتتاح بھی کیا۔کمشنر شوکت علی نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ مریضوں کے علاج میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور تھلیسیمیا کے مریضوں کے لیے بلڈ کی بروقت فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف عوام کو بہتر اور معیاری صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہیں۔ صوبے میں ہیلتھ سیکٹر میں کیے گئے اصلاحی اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اور عوام کو بہتر طبی سہولیات میسر آ رہی ہیں۔ کمشنر سرگودہا نے مزید کہا کہ انسانیت کی خدمت ہی اصل عبادت ہے اور طبی عملہ اسی جذبے کے تحت اپنی ذمہ داریاں ادا کرے۔دورے کے موقع پر ڈپٹی کمشنر خوشاب ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر اور ایم ایس ڈاکٹر احمد خان بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں