انسانی سمگلر کا شہری کے ساتھ24لاکھ کافراڈ

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) شہری کو بیرون ملک بھجوانے کا جھانسہ دیکر24لاکھ ہتھیا لئے، غیر قانونی ذبح خانہ سے دو من مضر صحت گوشت برآمد، قاتلانہ حملوں میں مسلح افراد کی فائرنگ سے4افراد لہولہان، چالاک ملزمان کا2تاجروں کے ساتھ 3کروڑ کا فراڈ، پولیس مصروف تفتیش۔ تفصیل کے مطابق ستیانہ روڈ کے رہائشی فیاض نے بتایا کہ اس کے واقف کار ملزم شفقت نے بیرون ملک بھجوانے کیلئے24لاکھ کی رقم وصو ل کر کے نہ تو بیرون ملک بھجوایا اور نہ ہی رقم واپس کی۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے علامہ اقبال کالونی میں کامیاب چھاپہ مار کر غیرقانونی ذبح خانہ پکڑ لیا اور ذبح خانہ کے مالک امجد کو حراست میں لیکر اس کے قبضہ سے 450کلو مضر صحت گوشت برآمد کر کے تلف کر دیا۔ سرگودھا روڈ کے علاوہ ہجویری ٹائون کے ذیشان نے بتایا کہ ملزمان یٰسین وغیرہ تھانہ میں درخواست گزارنے پر فائرنگ کر کے ذیشان کو بری طرح زخمی کر دیا۔بٹالہ کالونی کے علاقہ سرفراز کالونی میں مشتعل افراد نے غلام عباس ولد وارث کو گولی مار کر بری طرح زخمی کردیا، تاندلیانوالہ کے علاقہ 453گ ب میں عامر عزیز وغیرہ نے مخالف امجد اور جڑانوالہ میں مشتعل افراد تیمور وغیرہ نے علی رضا کو بری طرح زخمی کر دیا۔ علاوہ ازیں مقامی تاجر افضل کا کہنا ہے کہ چک جھمرہ کے علاقہ میں الحرمین پٹرولیم کے مالک شہباز نے 2کروڑ کا تیل خرید کر بدلے میں جعلی چیک تھما دیا۔ میاں اسماعیل والاچک جھمرہ کے طاہر سرور نے پولیس رپورٹ میں بتایا کہ اس کے جاننے والے ملزم نعمان نے90لاکھ کا کوئلہ خرید کر بدلے میںچیک دیا جو بنک سے کیش نہ ہو سکا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں