انسداد تجاوزات سے متاثرہ بازاروں کی تعمیر و مرمت کروائی جائے

جڑانوالہ(نامہ نگار) تجاوزات کے خاتمہ پر رمضان المبارک سے قبل بازاروں کی اپ گریڈیشن ازسر نو تعمیر و مرمت تزئین و آرائش کا کام جلد شروع کیا جائے،تاجر برادری کا وزیر اعلیٰ پنجاب،کمشنر،ڈپٹی کمشنر فیصل آباد اور اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ سے پر زور مطالبہ ،تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر جڑانوالہ تحصیل انتظامیہ تجاوزات کے خاتمہ کیلئے جاری آپریشن پر عمل درآمد کروانے میں مصروف دکھائی دیتی ہے پنجاب حکومت کی جانب سے جاری احکامات پر تحصیل انتظامیہ کیساتھ تعاون کی مثال کو برقرار رکھتے ہوئے اور قانون کی پاسداری کرتے ہوئے دکانداروں نے اپنی مدد آپ کے تحت ریل بازار،منڈی بازار، موچی بازار اور نیا بازار میں قائم اپنی دکانوں کے آگے قائم تہہ بازاری کی 6/6فٹ جگہ پر قائم تجاوزات ختم کر دی ہے تجاوزات کا خاتمہ ہونے پر مذکورہ بازاروں میں سالہا سال سے کاروبار کرنے والی تاجر برادری کا کہنا ہے کہ 15دن سے مذکورہ بازاروں میں کاروباری سرگرمیاں ماند پڑنے سے نہ صرف تاجروں کو مالی پریشانی کا سامنا ہے بلکہ دیہاڑی پر کام کرنے والے سینکڑوں افراد بے روزگار ہو چکے ہیں مذکورہ بازاروں میں روزانہ کروڑوں روپے کا لین دین ہوتا ہے کاروباری سرگرمیاں ماند پڑنے سے تاجروں کو مالی نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے جبکہ مذکورہ بازاروں میں بجلی کی سپلائی بھی جزوی طور پر معطل ہے۔ جڑانوالہ کی تاجر برادری کا کہنا ہے کہ دکاندار حضرات نے خود بخود تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنا کر جو مثال قائم ہے اسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ تاجر برادری کا کہنا ہے کہ چند روز بعد رمضان المبارک کے مقدس و بابرکت مہینے کا آغاز اور عید کا سیزن بھی شروع ہونے والا ہے لہٰذا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف،کمشنر مریم خان،ڈپٹی کمشنر فیصل آباد اور اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ تاجروں کو درپیش مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہنگامی طور پر مذکورہ بازاروں میں ازسرنو تعمیر و مرمت اور تزئین و آرائش کا کام رمضان المبارک سے قبل مکمل کروائیں تاکہ مہنگائی کے دور میں تاجر برادری کی مشکلات میں کمی واقع ہو سکے اور مذکورہ بازاروں میں کاروباری سرگرمیاں بحال ہو سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں