48

انسداد دہشتگردی کیلئے پاکستان کی قربانیاں ناقابل فراموش (اداریہ)

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ نے ثابت کیا کہ وہ امن کے داعی ہیں ان کے اہم کردار کو سراہتے ہیں، بھارت پہلگام کے ثبوت دینے میں ناکام رہا آپریشن کا ڈرامہ رچایا، انسداد دہشت گردی کے لیے پاکستان کی قربانیاں کسی سے کم نہیں، امریکی سفارت خانے میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کوئی شک نہیں رہا کہ پہلگام واقعہ بھارت کا فالس فلیگ آپریشن تھا، پاکستان نے کشیدہ صورتحال میں بھی بہت تحمل کا مظاہرہ کیا، پاک بھارت کشیدگی میں کمی اور جنگ بندی کے لیے دوست ملکوں کے بھی شکر گزار ہیں 2018ء میں پاکستان نے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کر دیا تھا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے بھاری جانی ومالی نقصان اٹھایا 90ہزار سے زائد شہادتیں اور 150ارب ڈالر سے زائد کا معاشی نقصان ہوا انسداد دہشت گردی کے لیے پاکستان کی قربانیاں کسی سے کم نہیں، وزیراعظم نے کہا پہلگام واقعے پر بھارت کو غیر جانبدارانہ عالمی انکوائری کی پیشکش کی’ ہماری مخلصانہ پیشکش کے جواب میں بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا بھارت نے حملے کر کے پاکستان میں خواتین اور بچوں کو بھی نشانہ بنایا پاکستان نے اپنے دفاع میں بھارت کے 6جہاز مار گرائے، پاکستان ہمیشہ خطے میں امن استحکام اور خوشحالی کا خواہشمند رہا ہے وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ ہماری توجہ معیشت کو مضبوط بنانے پر ہے، پاکستان اور امریکہ کے تعلقات نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں، پاک امریکہ تعلقات مضبوط بنانے کیلئے پُرعزم ہیں، دونوں ملک جمہوری روایات اور آئین کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں، دریں اثناء نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بھارت سے مذاکرات کیلئے تیار ہیں، بھارت نے پہلگام واقعے کا ہم پر الزام لگایا اب پوری دنیا پاکستان کے موقف کو تسلیم کر رہی ہے پاکستان نے بھارتی حملے کے جواب میں اپنے دفاع کا حق استعمال کرتے ہوئے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا، بھارتی بالادستی کے دعوے ہوا میں اُڑ گئے دنیا نے ہماری سفارتی کاوشوں کی تعریف کی دہلی میں صف ماتم بچھی ہے، پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے مگر بھارت اپنی مکاریوں عیاریوں کو جاری رکھے ہوئے ہے مگر ہماری امن پسندی کو کمزوری نہ سمجھے، اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر عطاء اﷲ تارڑ نے کہا آپریسن بنیان المرصوص کے دوران بلوچستان پر 32حملے کئے گئے، جس طرح بھارت کو شکست ہوئی اسی طرح بلوچستان میں بھی بھارت کی پراکسیز کو بھی شکست ہو گی اور بلوچستان میں امن واپس لوٹے گا!” بلاشبہ پاکستان نے انسداد دہشت گردی کیلئے بہت قربانیاں دی ہیں اور ان قربانیوں کا دنیا اعتراف کر چکی ہے پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں جو کردار ادا کیا وہ ناقابل فراموش ہے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران جب بھارت نے پاکستان کو ترانوالہ سمجھتے ہوئے اس پر چڑھائی کی تو اس کے جواب میں پاکستان نے صرف چند گھنٹوں کے اندر بھارت کو ایسا سبق سکھایا کہ ہ اس کا تصور بھی نہیں کر سکتا تھا اس کے 6طیارے اور اہم ترین ائیربیسز کو تباہ کر دیا یہ سب آناً فاناً ہوا اور بھارت فضائیہ اور فورسز دیکھتی رہ گئیں جب بھارت نے پاکستان کی دفاعی حکمت کو جانچا تو اس نے امریکہ اور دیگر ممالک سے جنگ بندی کرانے کیلئے رابطے کئے اس حوالے سے امریکی صدر ٹرمپ کا کردار بھی قابل تعریف ہے جبکہ دیگر ممالک نے بھی جنگ بندی کرانے کیلئے اپنا بھرپور اور مثبت کردار ادا کیا جس کے بعد سیز فائر ہو گیا اور مذاکرات کی راہ اپنانے پر زور دیا گیا دونوں ممالک کے رابطے بھی ہوئے اور جنگ بندی جاری رکھنے پر اتفاق ہوا تاہم بھارتی وزیراعظم اپنی خصلت سے باز نہیں آیا اور اس نے بلوچستان کے علاقوں میں اپنے ایجنٹوں کے ذریعے افراتفری پھیلانا شروع کر دی اب پاکستان فتنہ الہندوستان کے خاتمے کیلئے متحرک ہے انشاء اﷲ کامیابی اس کا مقدر ہو گی یہ بات تو واضح ہے کہ اب بھارت عالمی طور پر پوری دنیا میں بدنام ہو چکا ہے اور اس کے جھوٹے پراپیگنڈے اب نہیں چل سکتے بہتر یہ ہی ہے کہ نریندر مودی امن کی زبان بولین اور خطے میں قیام امن کیلئے کردار ادا کریں ورنہ بھارت کے اندر سے اٹھنے والی آوازیں مودی کے کانوں کے پردے پھاڑ دیں گی بھارت کو پاکستان کے ساتھ کشمیر سمیت تمام تنازعات کو بات چیت سے حل کر لینا چاہیے بھارت نے پاکستان کی دفاعی قوت کا اندازہ لگا لیا ہے اور اس سے پہلے کہ پاکستان بھارت کو مزید سبق سکھائے بھارت سیدھی راہ پر آ جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں