انسداد پولیو مہم کی تیاریاں مکمل

جڑانوالہ (نامہ نگار) جڑانوالہ میں فروری کی انسدادِ پولیو مہم کے سلسلے میں تمام انتظامی اور فیلڈ سطح کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ پولیو مہم میں حصہ لینے والی ٹیموں کی تربیت خدمتِ انسانی ہسپتال جڑانوالہ میں منعقد ہوئی، جس میں فیلڈ ورکرز اور ہیلتھ ورکرز کو مہم کے مختلف پہلوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔تربیتی سیشن میں ٹریننگ سپروائزر، یونین کونسل مانیٹرنگ آفیسر قاضی سعید طور اور متعلقہ ایریا انچارج افسران نے پولیو ٹیموں کو مہم کی افادیت، درپیش چیلنجز اور ہر بچے تک پولیو ویکسین کی محفوظ رسائی کے موثر طریقہ کار سے آگاہ کیا۔چار روزہ مقامی انسدادِ پولیو مہم 02فروری سے 05فروری 2026ء تک جاری رہے گی، جس کے دوران پولیو ورکرز گھر گھر جا کر پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گے۔ یہ مہم قومی سطح پر جاری انسدادِ پولیو مہم کا حصہ ہے، جس کا ہدف ملک بھر میں 4کروڑ 50لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو ویکسین پلانا ہے۔ محکمہ صحت کے حکام نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور ہر مہم کے دوران اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں