انسداد ڈینگی مہم میں غفلت برداشت نہیں کی جائیگی،ڈپٹی کمشنر ندیم ناصر

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی برائے ڈینگی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کیپٹن(ر) طیب سمیع، اسسٹنٹ کمشنرز، محکمہ صحت، پی ایچ اے، واسا اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ مون سون سیزن کے دوران ڈینگی ٹیمیں بھرپور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور سرویلنس سرگرمیوں میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بارشوں اور درجہ حرارت میں کمی کے باعث ڈینگی کے پھیلاؤ کے خطرات میں اضافہ ہو جاتا ہے، لہٰذا اس حوالے سے تمام محکمے الرٹ رہیں۔کیپٹن(ر) ندیم ناصر نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت دی کہ وہ فیلڈ میں موجود ڈینگی ٹیموں کی مانیٹرنگ کریں اور خود بھی افسران کے ہمراہ انسداد ڈینگی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے پی ایچ اے اور واسا کو مشترکہ طور پر انسداد ڈینگی پلان تشکیل دینے اور 100فیصد سویپنگ ہر صورت مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی ۔ ڈپٹی کمشنر نے زور دیا کہ تمام محکمے شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات کو فوری طور پر حل کریں تاکہ انسداد ڈینگی مہم مؤثر اور نتائج خیز بنائی جا سکے۔ اجلاس میں شریک بعض محکموں کے افسران کی غیر حاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کیپٹن(ر) ندیم ناصر نے ان سے وضاحت طلب کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔انہوں نے کہا کہ انسداد ڈینگی مہم میں غفلت یا کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام ادارے باہمی رابطہ و ہم آہنگی سے اپنا کردار مؤثر طور پر ادا کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں