فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) محکمہ صحت فیصل آباد کی طرف سے انسداد ڈینگی مہم کے لیے مزید 200 سنٹری پٹرول میل، فی میل بھرتی کرنے کا فیصلہ، انسداد ڈینگی پروگرام کے تحت مذکورہ سٹاف کو عارضی بنیادوں پر 89 دنوں کیلئے بھرتی کیا جائے گا۔ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر اسفندیار کا کہنا تھا کہ موسم کے تبدیل اور حالیہ بارشوں کے بعد ڈینگی مچھر کی پرورش کا سیزن شروع ہو چکا ہے اور شہریوں کو ڈینگی مچھر سے بچائو اور شعور بیدار کرنے کیلئے صرف فیصل آباد کے سکونتی امیدواروں سے 15 اپریل 2023ء تک درخواستیں طلب کی گئی ہیں اور سنٹری پٹرول میل کی عمر 18 سال سے 33سال جبکہ خواتین کی عمر کی حد 18 سال سے 35 سال تک اور تعلیمی قابلیت مڈل پاس ہونا لازمی ہے اور امیدوار اینڈرائیڈ فون میں مہارت رکھتا ہو، مذکورہ سٹاف کو 89 دنوں کیلئے بھرتی کیا جائے گا اور ان کی تنخواہ کارکردگی کی بنیاد پر دی جائے گی۔ امیدواروں کی 15 اپریل تک درخواستیں وصول کی جائیں گی اور 20 اپریل کو امیدواروں کے انٹرویو ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی فیصل آباد کے آفس میں ہونگے۔
28