انسٹاگرام کی صارفین پرنئی پابندی

کیلیفورنیا (مانیٹرنگ ڈیسک) انسٹاگرام نے مواد کے معیار کو بہتر بنانے اور بامعنی انگیجمنٹ کے فروغ کے لیے ہیش ٹیگز کے استعمال پر نئی پابندی عائد کر دی ہیجس کے تحت اب ہر پوسٹ میں صرف 5ہیش ٹیگز استعمال کیے جا سکیں گے۔انسٹاگرام کے سربراہ ایڈم موسیری نے اپنے انسٹاگرام ایڈوائس چینل پر وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ کم مگر مخصوص ہیش ٹیگز، طویل اور عمومی فہرستوں کے مقابلے میں بہتر نتائج دیتے ہیں۔ایڈم موسیری کے مطابق معیار کو تعداد پر ترجیح دینا ضروری ہے، اگرچہ ہیش ٹیگز مواد کی تلاش میں مددگار ثابت ہوتے ہیں، تاہم یہ خود بخود پوسٹس کی رسائی میں اضافہ نہیں کرتے، اس کے بجائے تخلیق کاروں کو ایسا مواد تیار کرنا چاہیے جو ناظرین سے حقیقی طور پر ہم آہنگ ہو۔یہ اقدام تھریڈز میں پہلے متعارف کرائی گئی پالیسی سے مماثلت رکھتا ہے، جہاں ہر پوسٹ میں صرف 1ٹیگ کی اجازت دی گئی تھی، اس پابندی کا مقصد اسپام کی حوصلہ شکنی اور انگیجمنٹ میٹرکس کے غلط استعمال کو روکنا تھا۔موسیری کے مطابق نئی حکمتِ عملی کا ہدف ایسے ٹیگز کو فروغ دینا ہے جو کمیونٹیز کی تشکیل میں معاون ہوں، نہ کہ مصنوعی طور پر نمائش بڑھانے کا ذریعہ بنیں۔ ماہرین کے مطابق اس تبدیلی سے انسٹاگرام مارکیٹنگ اور مواد کی دریافت کے طریقہ کار میں نمایاں تبدیلی آ سکتی ہے، ہیش ٹیگز کی حد مقرر کر کے پلیٹ فارم صارفین کو زیادہ سوچ سمجھ کر مواد شیئر کرنے کی ترغیب دے رہا ہے، جہاں توجہ ٹیگز کی کثرت کے بجائے مواد اور ناظرین کے درمیان تعلق پر مرکوز ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں