انٹرمیڈیٹ امتحان کے نتائج کا اعلان 27دسمبر کو ہو گا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کمشنر وچیئرمین بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کی ہدایت پر ایجوکیشن بورڈ فیصل آباد کے زیراہتمام ہونیوالے امتحان انٹرمیڈیٹ پارٹ فرسٹ’ سکینڈ وکمپوزٹ (سکینڈ) سالانہ 2025ء کے نتائج کا اعلان انشاء اﷲ تعالیٰ 27دسمبر 2025ء بروز ہفتہ 10بجے دن کیا جائے گا۔ نتائج کی سادہ پُروقار تقریب کمشنر وچیئرمین تعلیمی بورڈ فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کی زیرصدارت منعقد ہو گی جس میں سیکرٹری بورڈ ڈاکٹر حبیب الرحمن وکنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد جعفر علی بھی شریک ہوں گے۔ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق 10بجے دن کمشنر وچیئرمین تعلیمی بورڈ فیصل آباد راجہ جہانگیر انور لیپ ٹاپ پر بٹن دبا کر رزلٹ بورڈ کی ویب سائٹ www.bisefsd.edu.pk پر اپ لوڈ کریں گے۔ سیکرٹری بورڈ ڈاکٹر حبیب الرحمن نے کہا کہ نتائج سنڈیکیٹ مارکنگ کے تحت حکومت پنجاب کے وضع کردہ ایس او پیز کے مطابق سخت محنت وانتہائی احتیاط سے تیار کئے گئے ہیں جو انشاء اﷲ ہر قسم کی غلطیوں سے پاک ہوں گے تاہم نتائج یا دیگر معلومات کیلئے کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد جعفر علی کے دفتری فون نمبر 041-9330366 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں