انٹرنیشنل بکرا’ چھترا’ بیل فیسٹیول 25مئی سے شروع ہوگا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) عیدالاضحی کی آمد کے موقع پر فیصل آباد میں27واں انٹرنیشنل بکرا’ چھترا’ بیل فیسٹیول 25، 26، 27مئی 2025ء کو نیزہ بازی اسٹیڈیم زرعی یونیورسٹی میں ہو گا۔ جس میں وزنی’ خوبصورتی’ نسلی بکرے’ چھترے’ بیل’ اونٹ کے مقابلہ منعقد ہونگے۔ انٹرنیشنل گوٹ اینڈ بل ایسوسی ایشن کی طرف سے جانوروں کی 17کیٹیگریز بنائی گئیں ہیں۔ ہیوی وزنی بکرا کا پہلا انعام 7لاکھ روپے’ دوسرا 3لاکھ اور تیسرا انعام 1لاکھ روپے رکھا گیا ہے۔ خوبصورتی کے اعتبار سے سینگ اور بغیر سینگ والوں میں مقابلہ ہو گا۔ پہلے نمبر پر آنے والے بکرے کو 2لاکھ’ دوسرے نمبر پر آنے والے بکرے کو 1لاکھ اور تیسرے نمبر پر آنے والے بکرے کو 50ہزار انعام ملے گا۔ خوبصورت وتیار بکرا مکھی چینا کو بالترتیب 1لاکھ’ 50ہزار اور 25ہزار انعام ملے گا۔ جبکہ ٹیڈی پیور اور ٹیڈی کراس کا مقابلہ بلحاظ وزن پر ہو گا، زیادہ وزن والے ٹیڈی بکروں کو بالترتیب 1لاکھ’ 50ہزار اور 25ہزار روپے انعام دیا جائے گا۔ وزنی چھترا کے مقابلوں میں اوّل آنے والے چھترے کے مالک کو پہلا انعام 3لاکھ’ دوسرا انعام 1لاکھ اور تیسرے نمبر پر آنے والے چھترے کو 50ہزار انعام دیا جائے گا۔ خوبصورت بریڈر بکرا (لائلپوری) (مکھی چینا) خوبصورت بکری پٹھ اور چھ دانت تک مقابلہ میں حصہ لینے کے اہل ہونگے۔ دودھ دینے والی بکریوں میں بھی مقابلہ ہو گا۔ اس کے ساتھ ساتھ ہیوی وزنی اونٹ خوبصورت تیار اونٹ’ خوبصورت وتیار بچھڑا’ ہیوی بچھڑا کوئی بھی نسل کا ہو اور وزنی بھینسا کے درمیان مقابلہ جات ہونگے۔ تمام خوبصورت جانوروں کا مقابلہ 26مئی بروز سوموار کو ہو گا۔ وزنی جانور 25مئی بروز اتوار کو رات 10بجے انتظامیہ کے حوالے کرنا ہونگے اور ان کا مقابلہ 27مئی بروز منگل کو ہو گا۔ انٹرنیشنل گوٹ اینڈ بل ایسوسی ایشن کی طرف سے وزنی اونٹ’ بھینسا’ ترکی ونمبا جس کا خوبصورت اور وزنی ہو گا، اسکو خصوصی انعام’ سرٹیفکیٹ اور شیلڈ دی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں