انٹرنیٹ رفتار بڑھانے کے طریقے

نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک) عصر حاضر میں انٹرنیٹ زندگی کی تقریبا ضرورت بن چکا ہے، موجودہ عہد میں اس کے لیے وائی فائی سگنلز پر انحصار کیا جاتا ہے،مگر اکثر وائی فائی انٹرنیٹ کی رفتار اتنی کم ہوتی ہے کہ ٹھنڈے مزاج کا فرد بھی چڑچڑا ہوجاتا ہے۔ وائی فائی کی رفتار کم محسوس ہوتی ہے تو ایسے متعدد طریقے ہیں جس سے آپ انٹرنیٹ سپیڈ بہتر کرسکتے ہیں۔دیوار، فرش اور دھاتی اشیا کے قریب راٹرز رکھنے سے وائرلیس سگنلز متاثر ہوتے ہیں تو جس حد تک ممکن ہو اس طرح کی رکاوٹوں سے بچیں۔راٹر کے انٹینا عموما ہمہ جہتی ہوتے ہیں یعنی ہر سمت سگنل بھیجتے ہیں، تو اگر آپ نے گھر کے باہری حصے کے قریب راٹر کو رکھا ہے تو 50 فیصد سگنل تو باہری دنیا کو چلے جاتے ہیں۔اچھی بات یہ ہے کہ آج کل بیشتر راٹرز میں ریموو ایبل انٹینا ہوتے ہیں اور omnidirectional (ہمہ جہتی) انٹینا کو ہائی گین انٹینا سے بدل دیں، تاکہ وائرلیس سگنل اسی جانب جائیں جہاں آپ چاہتے ہیں۔سب سے عام وائرلیس ٹیکنالوجی 802.11 (وائرلیس جی) 2.4 گیگا ہرٹز فریکوئنسی پر کام کرتی ہے، متعدد وائرلیس مصنوعات جیسے مائیکرو ویو اوون کی فریکوئنسی بھی یہی ہوتی ہے، جس کے نتیجے میں ڈیوائس اور راٹر کے درمیان مداخلت ہوتی ہے،اس سے بچنے کے لیے اگر آپ ڈوئل بینڈ راٹر استعمال کررہے ہیں تو اسے 2.4 سے 5 گیگا ہرٹز پر سوئچ کردیں۔ 5 گیگا ہرٹز سے نہ صرف انٹرنیٹ اسپیڈ بہتر ہوگی بلکہ دیگر وائرلیس نیٹ ورکس اور ڈیوائسز سے سگنل میں مداخلت بھی کم ہوجائے گی، کیونکہ اس فریکوئنسی کو زیادہ عام استعمال نہیں کیا جاتا۔کسی عمارت کے مرکزی حصے میں راٹر کی موجودگی ہر جگہ انٹرنیٹ کوریج کے لیے اہم ہوتی ہے، مثال کے طور پر 2 منزلہ عمارت میں راٹر پہلی منزل پر ہو تو اسے کسی الماری یا شیلف کے اوپر رکھ دیں تاکہ دوسری منزل پر ڈیوائسز کو بہتر سگنلز مل سکیں۔وائرلیس نیٹ ورکس کے سگنلز انٹرنیٹ اسپیڈ پر اثرانداز ہوسکتے ہیں، مگر جدید راٹرز میں مختلف چینلز پر سوئچ کرنا ممکن ہوتا ہے،بیشتر راٹرز آپ کے لیے مخصوص چینل منتخب کرتے ہیں تاہم اگر پڑوس کا وائرلیس نیٹ ورک بھی وہی چینل استعمال کررہا ہوں تو سگنل متاثر ہوسکتے ہیں۔ایک اچھا راٹر خودکار طور پر ان حالات میں چینل بدلنے کی کوشش کرتا ہے مگر پرانے یا سستے راٹر پہلے سے متعین چینل تک محدود رہتے ہیں،تو یہ محسوس ہو کہ آٹو سیٹنگ فائدہ مند نہیں تو راٹر کے ایڈمنسٹریٹر انٹرفیس میں جاکر خود چینل کو بدل دیں۔ اگر آپ کا نیٹ ورک اوپن ہے یا پاس ورڈ کمزور ہے تو ہوسکتا ہے کہ ایک یا 2 افراد آپ کے نیٹ ورک کو بلااجازت استعمال کررہے ہوں،اگر یہ افراد آپ کے وائی فائی پر 4K ویڈیوز یا گیمز کھیل رہے ہوں تو آپ کا انٹرنیٹ متاثر ہوتا ہے۔ راٹر کے ایڈمن انٹرفیس سے یہ جاننا ممکن ہے کہ کونسی ڈیوائسز زیادہ ڈیٹا استعمال کررہی ہیں جو ہوسکتا ہے کہ آپ کے گھر میں ہی کوئی فرد ہو۔راٹر فرم وئیر کو اپ ڈیٹ کریں، راٹر بنانے والی کمپنیوں کی جانب سے اکثر مفت اپ ڈیٹس فراہم کی جاتی ہیں جس سے راٹر کی کارکردگی بڑھ جاتی ہے،راٹر کی فرم وئیر اپ ڈیٹس کے لیے راٹر بنانے والی کمپنی کی ویب سائٹ پر جائیں۔اگر آپ پرانے راٹر کو استعمال کررہے ہیں تو بہترین کارکردگی کی توقع نہیں رکھی جاسکتی، اس کا آسان حل یہی ہے کہ نئے جدید راٹرز کو استعمال کریں۔اگر کوئی طریقہ کام نہیں کررہا یا راٹر سیٹنگز بدلنا بہت مشکل لگتا ہے اور پیسے موجود ہیں تو وائی فائی ایکسٹینڈر خرید سکتے ہیں جس سے وائرلیس سگنل کو زیادہ بہتر بنایا جاسکتا ہے۔اگر کسی مسئلے کا سامنا ہے تو راٹر کو ری اسٹارٹ کرنا بھی انٹرنیٹ کی رفتار کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ کیونکہ ایسا کرنے پر راٹر کم مداخلت والے چینل کا انتخاب کرے گا، مگر ایسا کبھی کبھار کرنا چاہیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں