انڈسٹری کو شہر سے باہر منتقل کرنے کیلئے جاری اقدامات کو تیز کردیا گیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق انڈسٹری کی شہری حدود سے باہر منتقلی کے عمل کو عملی جامہ پہنانے کے لئے جاری اقدامات کو مزید تیز کردیا گیا ہے۔پہلے مرحلہ میں آبی وفضائی آلودگی کا موجب بننے والے111، انڈسٹریل یونٹس کو شفٹ کرایا جائے گا۔ کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور سے صدر چیمبر آف کامرس سمیت کاروباری ایسوسی ایشنز کے عہدیداران نے ملاقات کی۔ کمشنر نے انڈسٹری کی شہری حدود سے باہر منتقلی کے حوالے سے کاروباری ایسوسی ایشن کی طرف سے اب تک کی معاونت کا خیر مقدم کیا اورکہا کہ ایک ایکڑ اور اس سے زائد رقبہ پر محیط انڈسٹری کی منتقلی کے لئے مجموعی طور پر 1090.8 کنال اراضی درکار ہوگی اورکم ازکم 50/50ایکڑ کے 2صنعتی یونٹس تجویز کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بڑی انڈسٹری کو فیڈمک میں منتقل کرنے کے لئے بھی اقدامات کریں گے۔کمشنر نے بتایا کہ حکومت پاکستان اور حکومت پنجاب کو چارٹر آف ڈیمانڈ جلد پیش کیا جائے گا۔نان موو ایبل(بعض وجوہات کی بنا پر شفٹ نہ ہونے والی)مشینری کے لئے صنتکاروں کو سافٹ لون کی فراہمی کے حوالے سے حکومت کو سفارش کی جائے گی۔ حکومت پنجاب نے انڈسٹری ری لوکیشن کے سلسلے میں بھرپور معاونت اور صنعتی زونز کی تعمیر ومرمت کے لئے آمادگی کا اظہار کیا ہے۔علاوہ ازیں ورلڈ بینک کو بھی پاکستان کے پہلے انڈسٹری ری لوکیشن پلان کے لئے معاونت کی درخواست کریں گے۔کمشنر نے بتایا کہ گزشتہ سموگ سیزن میں ایئر کوالٹی انڈکس سابقہ سال سے40 دن بہتر رہا جس میں تاجروں وصنعتکاروں کی بھی کاوشیں ہیں۔بوائلر بائیو گیس پر شفٹ،سپرسیڈرز کی بدولت فصلوں کی باقیات کو آگ لگنے کے واقعات میں نمایاں کمی آئی۔صدر چیمبر آف کامرس،اپٹیپما،سائزنگ ودیگر ایسوسی ایشنز نے انڈسٹری ری لوکیشن پلان کو عملی جامہ پہنانے میں اپنے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں