انڈین فلم انڈسٹری میں راج کپور جیسی شہرت کسی کو نہ مل سکی

ممبئی (شوبز نیوز) پشاور کے راج کپور کو ممبئی میں بلاشبہ وہ شہرت اور مقبولیت نصیب ہوئی جو بہت کم فن کاروں کا مقدر بنی ہے۔ بامبے ٹاکیز نے بیسویں صدی کے 30 ویں عشرے میں ہندوستان کے فلم سازوں اور شائقین کو اپنی جانب متوجہ کیا اور اس بینر تلے بننے والی فلمیں سپر ہٹ ثابت ہوئیں۔ اسی فلم اسٹوڈیو سے دلیپ کمار، مدھوبالا، راج کپور، دیوآنند جیسے فن کاروں کی شہرت کا سفر بھی شروع ہوا۔ہندوستانی سنیما کے مشہور اداکار راج کپور نے اسی اسٹوڈیو میں ڈانٹ سنی اور انھیں ایک روز تھپڑ بھی پڑا۔ فلم جوار بھاٹا کی شوٹنگ کی جارہی تھی جس میں راج کپور کا بھی ایک کردار تھا۔ فلم کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کیدار شرما تھے۔ ایک سین کی عکس بندی کے لیے جب وہ شوٹنگ شروع کرنے کو کہتے تو راج کپور کیمرے کے سامنے آتے اور اپنے بال ٹھیک کرنے لگتے۔ ایسا دو تین بار ہوا اور جب بار بار راج کپور نے یہی حرکت کی تو کیدار شرما برداشت نہ کرسکے اور آگے بڑھ کر انھیں ایک تھپڑ لگا دیا۔ڈائریکٹر کی جھڑکیاں اور وہ تھپڑ راج کپور کے کام آیا اور ہندی سنیما کے شائقین نے انھیں بے حد سراہا اور ان کے کام کو پسند کیا، بعد کے برسوں میں راج کپور اپنی صلاحیتوں کی وجہ سے باکمال فن کاروں کی صف میں کھڑے ہوئے اور ان کی فلمیں کام یاب ثابت ہوئیں۔اداکار راج کپور 2 جون 1988 میں چل بسے تھے۔ سنیما بینوں کے دلوں پر راج کرنے والے راج کپور کا پورا نام رنبیر راج کپور تھا۔ انھوں نے 14 دسمبر 1924 کو پشاور میں آنکھ کھولی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں