لاہور(بیوروچیف)انکوائریاں بھی پاکستان ریلوے میں ٹرینوں کے حادثات کو نہ روک سکیں ، چند روز میں مسافر ٹرینوں کے حادثات کی ہیٹرک ہو گئی ۔ بتایا گیا ہے کہ کراچی سے اسلام آبادجانے والی گرین لائن ٹرین وزیرآباد سے نکلتے ہی ڈی ریل ہو گئی ۔اطلاعات کے مطابق کوچز کے بفر ٹوٹنے سے ٹرین ڈی ریل ہوئی جس سے ٹرین آپریشن معطل ہو گیا ۔ اطلاع ملتے ہی ریلوے حکام اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیوں کا آغاز کر دیا گیا ۔ رواں ہفتے منگل کے روز کراچی جانے والی تیز گام ایکسپریس دو حصوں میں تقسیم ہو گئی تھی ۔ڈبوں کو آپس میں جوڑنے والا ہک اچانک ٹوٹنے کی وجہ سے 7 بوگیاں ڈی ریل ہوئیں جن میں سے 5 بوگیاں الٹ گئیں جبکہ 2 بوگیاں پٹری سے اتر گئی تھیں ، اس سے قبل 15مارچ کو 27 اپ شالیمارایکسپریس لاکھا روڈ اسٹیشن پرلوپ لائن پررکی ہوئی مال گاڑی سے ٹکر اگئی تھی ۔



