ان سے جا کر پوچھیں صرف مجھ سے ہی کیوں؟ نینا گپتا کا ویوین رچرڈز سے محبت کے سوال پر ردعمل

ممبئی (شوبز نیوز) بالی ووڈ اداکارہ نینا گپتا نے ایک بار پھر ویسٹ انڈیز کے سابق کرکٹر ویوین رچرڈز کے ساتھ اپنے تعلق کے بارے میں بات کی ہے۔ ایک حالیہ گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ بیٹی مسابا گپتا کی پیدائش کے باوجود انہوں نے شادی کیوں نہیں کی۔ایک پوڈکاسٹ کے دوران جب نینا گپتا سے ویوین رچرڈز کے ساتھ محبت سے متعلق پوچھا گیا تو اداکارہ نے کہا کہ یہ ان سے جا کر پوچھیں۔ سب لوگ ان سے سوال کرنے سے ڈرتے ہیں۔ آپ سب مجھ سے ہی کیوں پوچھتے ہیں؟انہوں نے مزید کہا کہ میرا خیال ہے کہ ہم محبت میں تھے۔ اگرچہ ہم بہت کم عرصے تک ساتھ رہے، لیکن جو وقت ہم نے ایک ساتھ گزارا وہ بہت خوبصورت تھا۔شادی نہ کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے نینا گپتا نے کہا کہ یہ عملی طور پر ممکن نہیں تھا۔ یا تو مجھے اپنی نوکری چھوڑ کر ویسٹ انڈیز جانا پڑتا، یا پھر انہیں اپنا کیریئر چھوڑ کر بھارت آنا پڑتا اور ان میں سے کوئی بھی بات ممکن نہیں تھی۔انہوں نے مزید کہا کہ لیکن اس وقت میں محبت میں اندھی ہو چکی تھی۔ ایسے حالات میں کون دوسروں کی سنتا ہے؟ کون اپنے فیصلوں پر رک کر غور کرتا ہے؟ کون اپنے والدین کی بات مانتا ہے؟ مسابا کی پیدائش کا فیصلہ میرا اپنا تھا۔ پھر میں نے ان (ویوین) سے پوچھا کہ کیا وہ اس بات پر راضی ہیں کہ میں ان کے بچے کو جنم دوں، انہوں نے ہاں کہہ دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں