24

اولیاء اللہ کا فیضان ہمیشہ جاری رہے گا

لاہور (بیوروچیف) دربار حضرت میراں حسین شاہ زنجانی کے سجادہ نشین پیر سید ادریس شاہ زنجانی نے کہا ہے کہ اللہ کے ولیوں کی زندگیاں ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔ اللہ پاک قرآن پاک میں فرماتا ہے اے بندے تو مجھے یاد رکھ میں تجھے یاد رکھوں گا۔جنہوں نے اللہ کو یاد رکھا اس کے دین کو پھیلانے کے لئے اپنی زندگیاں وقف کئے رکھیں صدیاں گزر جانے کے باوجود ان کے درباروں پر میلے لگتے ہیں۔ہر وقت اللہ اور اس کے رسول ۖ کا ذکر ہوتا ہے۔لنگر کا سلسلہ جاری رہتا ہے اور لوگ سکون قلب اورمن کی مرادیں حاصل کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد شاہ زنجان میں حضرت داتا گنج بخش علی ہجویری کے عرس کے حوالے سے منعقدہ فیضان اولیاء اللہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جو کہ پیر بھائی ہیں حضرت میراں حسین شاہ زنجانی کے۔ حضرت داتا گنج بخش علی ہجویری نے حضرت میراں حسین شا ہ زنجانی کی نماز جنازہ بھی پڑھائی تھی ۔پیر سید ادریس شاہ زنجانی کا کہنا تھاکہ حضرت داتا گنج بخش علی ہجویری نے خطہ کو نور اسلام سے منور کیا برصغیر میں حضرت دادا گنج بخش کی شخصیت ان برگزیدہ ہستیوں میں سر فہرست ہے جنہوں نے اسلام کی تبلیغ و اشاعت میں تاریخ ساز کردار ادا کیا۔ اپ کاآستانہ فیض نہ صرف بر صغیر بلکہ پوری اسلامی دنیا میں قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ حضرت داتا گنج بخش علی ہجویری کی شخصیت نے علم و عرفان کے جو چراغ فروزاں کئے اس سے بر صغیر کے مسلمان آج تک فیض حاصل کررہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں