6

اولیاء کرام کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونا فلاح کا بہترین ذریعہ ہے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) حاجی شیخ محمد ریاض احمد قادری مرحوم (ویلکم فیبرکس ) رحمتہ اللہ علیہ کے ایصال ثواب کیلئے محفل گیارہویں شریف و سالانہ ختم شریف کاانعقاد مسلم ٹائون میں صاحبزادہ پیر سید احمد نور الدین الگیلانی القادری البغدادی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ محفل کاآغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا تلاوت قرآن پاک کی سعادت قاری غلام مصطفی نعیمی نے حاصل کی۔ محفل پاک میں معروف نعت خوان حضرات نے بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ والہ وسلم میں نذرانہ عقیدت پیش کیا، محفل میں صدارت کے لئے آمد پر صاحبزادہ پیر سید احمد نورالدین الگیلانی القادری (دربار غوثیہ ٹائون شپ لاہور) کا شاندار استقبال کیا گیا۔ سابق چئیرمین اپٹپما حافظ شیخ محمد اصغر قادری (الگیلان ڈائینگ)، حاجی محمد اکمل قادری، حاجی محمد اجمل قادری کے والد محترم مرحوم حاجی محمد ریاض احمد قادری رحمتہ اللہ علیہ کے سالانہ ختم شریف کے سلسلے میں ان کی رہائش گاہ فیضان غوث اعظم ہائوس لاثانی پلی سرگودھا روڈ میں منعقد ہوئی۔ معروف عالم دین مولانا عبدالقوی بغدادی نے ذکر الہی وتعلیمات غوث اعظم رضی اللہ عنہ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شیخ سید عبدالقادر جیلانی رحمتہ اللہ علیہ کی تصانیف وتالیف و تعلیمات ومجالس کا مقصد اور ایک ایک لفظ مخلوق خداکوخداشناسی کا پیغام دیتا ہے۔ آج کے دور میں بھی اولیاء کرام بالخصوص غوث اعظم شہنشاہ بغداد پیر سیدنا عبدالقادر جیلانی رحمتہ اللہ علیہ کی تعلیمات سے استفادہ کیا جائے تو مخلوق خدا کا بھلا ہو سکتا ہے۔ نسبت رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم واہلبیت کرام کی اولاد ہونے کے ناطے آج بھی آپ کاروحانی وعلمی فیض پوری دنیا میں جاری وساری ہے۔ محفل پاک میں عوام الناس کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔ محفل میں نعت خوانی ،مناقب وصوفیانہ کلام نے شرکاء پر وجدانی کیفیت طاری کئے رکھی۔ محفل کے اختتام پر حاجی شیخ محمد ریاض احمد قادری کی بلندی درجات وملک وملت کی سلامتی کے لئے پیر سید احمد نورالدین گیلانی بغدادی نے خصوصی دعا فرمائی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں