اوورسیز پاکستانیز کنونشن کا آج آخری روز

اسلام آباد (بیوروچیف) اسلام آباد میں جاری دو روزہ اوورسیز پاکستانیز کنونشن آج اختتام پذیر ہو رہا ہے، جہاں وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر شرکا سے خطاب کریں گے۔ کنونشن میں دنیا بھر سے آئے ہوئے 1500سے زائد اوورسیز پاکستانی شریک ہیں، جنہیں ریاستی مہمان کا درجہ دیا گیا ہے۔کنونشن کا مقصد اوورسیز کمیونٹی کے مسائل، ترسیلاتِ زر، سرمایہ کاری کے مواقع اور حکومتی سہولیات پر مشاورت ہے۔ شرکا کو پاکستان میں سرمایہ کاری اور سہولیات کے حوالے سے آگاہ کیا جا رہا ہے جبکہ ان کی تجاویز اور مسائل کو سننے کے لیے مختلف سیشنز کا انعقاد بھی کیا گیا۔گزشتہ روز تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک، قومی ترانے اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے ہوا۔ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، وفاقی وزرا، بیرون ملک تعینات پاکستانی سفرا اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے کنونشن میں شرکت کی۔افتتاحی خطاب میں اسپیکر ایاز صادق نے کہا کہ دہری شہریت اور الیکشن سے متعلق مسائل پر بحث کی جا سکتی ہے، اوورسیز پاکستانیوں کو چاہیے کہ وہ اپنی جماعتوں کے ذریعے ان مسائل کو اجاگر کریں تاکہ ان پر قانون سازی ممکن ہو سکے۔اوورسیز پاکستانیز فانڈیشن کے چیئرمین سید قمر رضا نے بتایا کہ وزیراعظم کنونشن میں اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ایک خصوصی پیکج کا اعلان کریں گے، جس سے ان کے لیے مزید سہولیات پیدا ہوں گی۔گزشتہ روز کنونشن کے دوران اوورسیز پاکستانیوں کی ملکی معیشت میں خدمات کو سراہا گیا اور انہیں یقین دہانی کرائی گئی کہ حکومت ان کے مسائل کو سنجیدگی سے لے رہی ہے۔ شرکا نے بھی حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کی ترقی کے لیے ہر ممکن کردار ادا کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں