63

اوورسیز پاکستانیوں کیلئے مراعات کا اعلان (اداریہ)

وزیراعظم شہباز شریف نے سمندرپار پاکستانیوں کیلئے خصوصی عدالتیں قائم کر دیں’ ان کے بچوں کا ملکی جامعات میں کوٹہ مختص کرنے کا اعلان کر دیا، سمندرپار پاکستانیوں کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو فائلر تصور کیا جائے گا، تمام چارٹرڈ یونیورسٹیز میں ان کے بچوں کو 5فیصد’ میڈیکل یونیورسٹیز میں 15فیصد کوٹہ دیا جائے گا انہوں نے کہا کہ مارچ میں اوورسیز پاکستانیوں نے ریکارڈ 4.1ارب ڈالرز کی ترسیلات زر بھیجیں انہوں نے کہا آپ لوگ اسی طرح ترسیلات زر بھیجتے رہے تو ملک مزید ترقی کرے گا ایک کروڑ سے زائد پاکستانی مختلف ممالک میں مقیم ہیں اور وہاں شبانہ روز محنت سے اپنا’ خاندان اور ملک کے لیے نام کمایا، اوورسیز پاکستانیز ہمارے سفیر ہیں ہم اوورسیز پاکستانیوں کی جتنی بھی پذیرائی کریں وہ کم ہے آپ لوگ پاکستان کو درپیش فارن ایکسچینج کے چیلنج کے گیپ کو پورا کر رہے ہیں وزیراعظم نے کہا انشاء اﷲ وہ وقت آئے گا جب آپ کی پذیرائی کے لیے اور جائز مطالبات منظور کرنے کیلئے تمام اقدامات اٹھائیں گے ملک میں جو معاشی استحکام آ رہا ہے، وہ اوورسیز پاکستانیز کی شبانہ روز محنتوں اور ٹیم ورک کا نتیجہ ہے ایسا ہی ٹیم ورک رہا تو پاکستان دنیا کی سب سے بڑی طاقت بنے گا اسلام آباد میں سمندرپار پاکستانیوں کے مقدمات کے جلد سے جلد فیصلوں کے لیے خصوصی عدالتیں قائم کر دی ہیں جبکہ پنجاب میں بھی ایسی عدالتوں کے قیام کا عمل جاری ہے اس سلسلے میں پنجاب میں قانون سازی ہو چکی ہے اور بلوچستان میں بھی بہت جلد یہ کام ہو گا مقدمات کی بھی ای فائلنگ کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے یہ کام انشاء اﷲ 90دن کے اندر مکمل ہو جائے گا، کاروباری لین دین اور بینک کے معاملات میں سب کو فائلرز کے طور پر ٹریٹ کیا جائے گا اس سے اوورسیز پاکستانیوں کو ٹیکس ادائیگی میں بہت ریلیف ملے گا اوورسیز پاکستانی خواتین کے لیے جو پاکستان میں سرکاری نوکری حاصل کرنا چاہیں ان کے لیے عمر کی حد کو بڑھا کر 5سال سے بڑھا کر 10 سال کی جا رہی ہے اوورسیز پاکستانیوں کی بے پناہ خدمات کے عوض ہر سال 14اگست کو جنہوں نے اپنے شعبوں میں نمایاں کارنامے سرناجام دیئے، حکومت کی جانب سے انہیں سول ایوارڈ دیئے جائیں گے وزیراعظم نے اوورسیز پاکستانیوں کے دیرینہ مطالبہ پر میرپور میں انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی تعمیر کے احکامات بھی جاری کر دیئے ہیں جبکہ انہوں نے گرین چینل چند ہفتوں تک آپریشنل ہونے کی نوید بھی دی،، وزیراعظم کا اسلام آباد میں سمندرپار پاکستانیوں کے پہلے سالانہ کنونشن میں اوورسیز پاکستانیز کیلئے مراعات کا اعلان خوش آئند ہے خصوصی عدالتوں کے قیام سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے پراپرٹی یا دیگر کیسز کا جلد فیصلہ ہو گا جبکہ اوورسیز پاکستانیوں کے اہل خانہ یا بچے جو پاکستان میں مقیم ہیں ان کے لیے ملک کی جامعات اور میڈیکل یونیورسٹیز میں کوٹہ مختص کرنے کا اعلان قابل تعریف ہے اوورسیز پاکستانی بیرون ملک خدمات سرانجام دے کر قیمتی زرمبادلہ پاکستان بھیجتے ہیں اور اس زرمبادلہ کی بدولت پاکستان کو درپیش فارن ایکسچینج کے چیلنج سے نمٹنے میں مدد ملتی ہے علاوہ ازیں اوورسیز پاکستانی خواتین کے لیے جو پاکستان میں سرکاری نوکری حاصل کرنا چاہیں ان کیلئے عمر کی حد میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کر کے ان کا ایک بڑا مسئلہ حل کر دیا گیا ہے جبکہ اوورسیز پاکستانیوں کیلئے یوم آزادی کے موقع پر سول ایوارڈز دینے کا اعلان بھی ان کی خدمات کا اعتراف ہو گا آزاد جموں وکشمیر کے ضلع میرپور سے بڑی تعداد میں لوگ برطانیہ میں مقیم ہیں اور ان کا حکومت پاکستان سے دیرینہ مطالبہ تھا کہ میرپور میں بین الاقوامی ہوائی اڈے کی تعمیر کی جائے تاکہ میرپور سے تعلق رکھنے والے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو اپنے علاقہ میں انٹرنیشنل ہوائی اڈے کی سہولت حاصل ہو سکے میرپور کے علاقہ کے علاوہ صوبہ پنجاب کے علاقوں جہلم’ گوجر خان اور دیگر اضلاع کے بے شمار افراد بھی بیرون ملک میں مقیم ہیں اور پاکستان میں قیمتی زرمبادلہ بھیجتے ہیں ان کو بھی سہولت حاصل ہو گی اوورسیز پاکستانیز یوں تو ہر سال ہی قیمتی زرمبادلہ پاکستان بھیجتے ہیں ماہ مارچ میں اوورسیز پاکستانیوں نے ریکارڈ 4.1ارب ڈالر کی ترسیلات بھیج کر پاکستان کی معاشی مشکلات میں کمی کیلئے بہت اہم کردار ادا کیا ہے جس کے اعتراف میں حکومت نے اوورسیز پاکستانیز کے لیے ایک شاندار تقریب کا انعقاد کر کے نہ صرف ان کو پذیرائی بخشی بلکہ ان کے لیے مراعات کا اعلان بھی کیا جس کا اوورسیز پاکستانیوں نے خیرمقدم کیا اور حکومت کا شکریہ ادا کیا اس بات میں کوئی شک ہی نہیں کہ اوورسیز پاکستانیز اپنے وطن عزیز کی خدمت کا بے پناہ جذبہ رکھتے ہیں اور معاشی استحکام میں ان کا کلیدی کردار تسلیم کیا جاتا ہے۔ امید ہے حکومت کی جانب سے مراعات کے اعلان کے بعد بیرون ملک مقیم پاکستانی زیادہ سے زیادہ ترسیلات زر اپنے ملک میں بھجوائیں گے تاکہ پاکستان معاشی طور پر مستحکم ہو سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں